Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نہرِ سویز میں آمدورفت بحال: پھنسے ہوئے مزید 140 جہاز گزریں گے

پھنسے ہوئے دیوہیکل بحری جہاز ایورگوِن کو نکالے جانے کے بعد نہر سویز کے دونوں اطراف رکے ہوئے جہاز اپنی باری پر منزل کی جانب روانہ ہو رہے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سویز کینال اتھارٹی کے سربراہ نے بتایا ہے کہ  توقع ہے کہ منگل کو نہر سویز سے مزید 140 جہاز گزریں گے۔

 

دو سمندروں کو ملانے والی دنیا کی اہم بحری گزرگاہ نہر سویز 23 مارچ کو اس وقت بند ہو گئی تھی جب 400 میٹر لمبا بحری جہاز ایورگوِن اس میں ترچھا کھڑا ہو کر پھنس گیا تھا جس کو چھ دن کی کوشش کے بعد گزشتہ روز واپس گہرے پانی میں لا کر نہر سے نکالا گیا۔
ایک ہفتے تک نہر سویز بند رہنے سے اس کے دونوں اطراف بحری جہازوں کی ٹریفک جام ہو گئی تھی اور 422 مال بردار جہاز بحیرہ روم اور بحر احمر میں راستہ کھلنے کے انتظار میں کھڑے تھے۔
سویز کینال اتھارٹی کے سربراہ اسامہ ربیع نے بتایا ہے کہ مصر کے مقامی وقت کے مطابق شام سات بجے تک 95 جہاز نہر سے گزر جائیں گے اور آدھی رات تک مزید 45 بحری جہاز بھی اپنی منزل کی جانب روانہ ہو جائیں گے۔
اسامہ ربیع نے امید ظاہر کی ہے کہ اگلے تین یا چار دنوں میں نہر سویز سے گزرنے کے لیے اپنی باری کے منتظر تمام بحری جہاز سمندر سے روانہ ہو جائیں گے۔
مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا ہے کہ ایور گوِن کے پھنس جانے سے دنیا کی توجہ سویز کینال کی جانب ہوئی ہے اور اس عالمی تجارت میں اس بحری گزرگاہ کی اہمیت کا اندازہ ہوا ہے۔
اسماعیلیہ میں سویز کینال اتھارٹی کے دورے کے موقع پر عملے کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے مصر کے صدر کا کہنا تھا کہ 'ہم نے اس طرح کبھی نہیں سوچا تھا مگر قدرت اپنی طور پر کام کر رہی ہوتی ہے۔ اس واقعے سے نہر سویز کی اہمیت اجاگر ہوئی ہے۔ٗ

شیئر: