Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد اور عراقی وزیر اعظم کی ملاقات، پانچ معاہدوں پر دستخط

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نےعراقی وزیراعظم کا خیرمقدم کیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اورعراقی وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی نے عراق میں پیش رفت اور دیگر علاقائی امور پر بات چیت کی ہے۔
 الشرق الاوسط کے مطابق عراقی وزیراعظم کے سرکاری دورے پر ریاض پہنچتے ہی قصر یمامہ میں مذاکرات ہوئےہیں۔ مصطفی الکاظمی، شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر سعودی عرب پہنچے ہیں۔ 

عراق میں پیش رفت اور دیگر علاقائی امور پر بات چیت کی ہے۔(فوٹو ایس پی اے)

ایس پی اے کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور عراقی وزیراعظم مصطفی الکاظمی نے دونوں ملکوں کے وفود کی معاونت سے ریاض کے قصر یمامہ میں مذاکرات کیے۔ 
 عراق اور سعودی عرب کے درمیان تعاون بڑھانے اور خطے کے حالات حاضرہ کے جائزے کے موضوعات پر بات چیت کی ہے۔
فریقین نے سعودی عراقی رابطہ کونسل کی سطح پر اجلاس کیے۔ اس موقع پر مالیاتی، تجارتی، اقتصادی، ثقافتی اور ابلاغی شعبوں میں پانچ معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔ 
عراقی وفد میں سعودی عرب سے ملنے والی سرحدوں کے عراقی صوبوں کے گورنر بھی آئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے سعودی عراقی سرحدی چیک پوسٹوں میں اضافے کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ 

ولی عہد اور عراقی وزیراعظم جلوس میں قصر یمامہ کے ایوان شاہی پہنچے۔ (فوٹو ایس پی اے)

اس سے پہلے عراقی وزیراعظم  کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ ریاض پہنچے تو شہزادہ محمد بن سلمان نے خیر مقدم کیا۔ عراقی وزیراعظم کا سرکاری استقبال کیا گیا۔
سعودی ولی عہد نے عراقی وزیراعظم کے ہمراہ آئے ہوئے وفد کا خیر مقدم کیا۔ ولی عہد اور عراقی وزیراعظم سرکاری جلوس میں قصر یمامہ کے ایوان شاہی پہنچے۔ 
عراقی وزیراعظم نے ٹویٹ کی کہ ’ اس دورے کا مقصد عراق اور سعودی عرب کے منفرد تعلقات کو مستحکم بنانا اور دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے امکانات پیدا کرنا ہے۔‘
 قبل ازیں عراق میں متعین سعودی سفیر عبدالعزیز الشمری نے کہا تھا کہ مصطفی الکاظمی کا دورہ سعودی عرب بے حد اہم ہے۔ دونوں ملکوں کے تعلقات کے تناظر میں یہ دورہ بڑی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ 
العربیہ سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ ’الکاظمی سعودی عرب اور عراق کی سرحدی چوکیوں کا بھی دورہ کریں گے۔ عرعر بری سرحدی چوکی 24 گھنٹے  کام کر رہی ہے۔ 
’عراق میں انٹرنیشنل سٹیڈیم  کے حوالے سے مسلسل اجلاس ہو رہے ہیں۔ یہ سٹیڈیم خادم حرمین شریفین کی طرف سے اہل عراق کے لیے تحفہ ہوگا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’سعودی عراقی رابطہ کونسل کے اجلاس بھی ہورہے ہیں جبکہ دونوں ملکوں کے سرمایہ کار بھی بہت جلد اہم اجلاس کریں گے۔‘

شیئر: