Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عراقی وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب میں کئی معاہدے ہوں گے

وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی بدھ کو سعودی عرب کا دورہ کریں گے ( فوٹو: العربیہ)
عراق میں متعین سعودی سفیرعبدالعزیز الشمری نے کہا ہے کہ عراقی وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی بدھ کو سعودی عرب کا اہم دورہ کریں گے۔ یہ دورہ نہایت اہم وقت پر ہو رہا ہے۔
اس موقع پر وہ سیاسی، اقتصادی اور سکیورٹی مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے اور متعدد شعبوں میں کئی معاہدے بھی ہوں گے۔  
العربیہ سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی سفیر نے کہا کہ ’الکاظمی سعودی عرب اور عراق کی سرحدی چوکیوں کا بھی دورہ کریں گے۔ عرعر بری سرحدی چوکی 24 گھنٹے  کام کر رہی ہے۔ 
سعودی سفیر نے بتایا کہ ’عراق میں انٹرنیشنل سٹیڈیم  کے حوالے سے مسلسل اجلاس ہو رہے ہیں۔ یہ سٹیڈیم خادم حرمین شریفین کی طرف سے اہل عراق کے لیے تحفہ ہوگا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’سعودی عراقی رابطہ کونسل کے اجلاس بھی ہورہے ہیں جبکہ دونوں ملکوں کے سرمایہ کار بھی بہت جلد اہم اجلاس کریں گے۔‘
علاوہ ازیں عراقی اخبارات نے گرین مشرق وسطیٰ سے متعلق سعودی اقدام پر عراقی وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ٹیلی فونک رابطے کی خبر شہ سرخیوں کے ساتھ شائع کی ہے۔ 
عراقی جریدے الزمان نے اس خبر کے ساتھ یہ بھی لکھا کہ ’دونوں رہنماؤں نے خطے کے ممالک کی شراکت سے 50 ارب درختوں کی شجر کاری کے اقدام پر بات چیت کی۔ یہ پوری دنیا میں شجر کاری کا سب سے بڑا پروگرام ہے جس سے تیل پیداوار کا معیار بلند ہوگا۔ 

شیئر: