Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’فنی مہارت حاصل کرنے والے پاکستانیوں کے لیے بیرون ملک ملازمتوں کے در کھل جائیں گے‘

زلفی بخاری کا کہنا ہے بیرون ملک اداروں کو بھی اپنی ضرورت کے مطابق موزوں سٹاف حاصل ہو سکے گا۔ (فوٹو: وزارت اوورسیز پاکستانیز)
وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان سے ہنرمند افرادی قوت کے تربیتی پروگراموں پر عملدرآمد سے کثیر تعداد میں نوجوانوں کو نہ صرف روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے بلکہ اس سے ملک میں زرمبادلہ کے حصول میں مدد ملے گا۔
انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن  اور پنجاب کے تربیتی ادارے ٹیوٹا کے مابین مفاہمت کی ایک یاداشت پر دستخط کی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
 
زلفی بخاری نے کہا پاکستان میں سیاحوں کی آمد کے ساتھ ساتھ بیرون ممالک میں ہنرمند پاکستانیوں کو روزگار بھی حاصل ہوگا۔
معاہدے کی تفصیلات کے مطابق آن لائن جاب پورٹل پر اس وقت دستیاب اوورسیز ملازمتوں کی آگاہی حاصل ہوگی اور ویب پورٹل پر دی گئی معلومات سے فائدہ اٹھا کر ملازمتوں کے متلاشی افراد اپنی اہلیت کے مطابق مطلوبہ ملازمت حاصل کر سکیں گے۔
اس طرح بیرون ممالک اداروں کو بھی اپنی ضرورت کے مطابق موزوں سٹاف ممبران حاصل ہو سکیں گے۔
زلفی بخاری نے بتایا کہ ٹیوٹا کے ادارے سے  فنی مہارت حاصل کرنے والے پاکستانی افرادی قوت کے لیے دنیا بھر میں ملازمتوں کے در کھل جائیں گے۔

شیئر: