Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صنعتی شعبے میں کمپنیوں کی سپورٹ کے لیے 30 بلین درہم مختص

پروگرام کے نتیجے میں 25 ہزار ملازمتیں پیدا ہوں گی(فوٹو وام)
دبئی کے حکمراں محمد بن راشد المکتوم نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ ایمریٹس ڈویلپمنٹ بینک، متحدہ عرب امارات کی معیشت کےلیے اہم سمجھے جانے والی کمپنیوں کی سپورٹ کے لیے 30 بلین درہم (8.17 بلین ڈالر) مختص کر رہا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی سرکاری ایجنسی ’وام‘ کے مطابق اس پروگرام سے صنعتی شعبوں میں تقریباً 13 ہزار 500 کمپنیوں کو فائدہ ہو گا اور اس کے نتیجے میں 25 ہزار ملازمتیں پیدا ہوں گی۔
یہ متحدہ عرب امارات کے’ آپریشن 300 بلین‘ کی سپورٹ کے لیے شروع کیا گیا تھا جوملک کی صنعتی پیداوار کو بڑھانے کے لیے 10 سالہ حکمت عملی ہے جس سے 2031 تک جی ڈی پی میں اس کی شراکت کو 300 بلین درہم تک پہنچانا ہے۔
ایمریٹس ڈویلپمنٹ بینک (ای ڈی بی) کے چیئرمین سلطان الجبیر نے کہا ’ای ڈی بی کی نئی حکمت عملی سے وابستہ فنانسنگ پروگراموں کے ذریعے صنعتی ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے میں مدد ملے گی اور سرمایہ کاری کے لیے وقف فنڈز بھی مہیا کیے جائیں گے جو کاروباری افراد، سٹارٹ اپس اور چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتی کمپنیوں کو سپورٹ کریں گے۔
 امارات کے وزیر نے یہ بھی کہا کہ ای ڈی بی چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتی کمپنیوں کو مالی خدمات تک رسائی فراہم کرنے اور ترجیحی شعبوں میں 2021 میں اس کی براہ راست مالی اعانت میں 73 فیصد اضافے کے لیے متحدہ عرب امارات کے بینکوں کے ساتھ شراکت پیدا کرنے کو ترجیح دے گی۔
ای ڈی بی 2022 میں سٹارٹ اپس اور چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتی کمپنیوں کے لیے ایک بلین درہم انویسٹمنٹ فنڈ بھی شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

شیئر: