پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان توانائی اور معدنیات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
سعودی سفیر نے کہا کہ ’فیوچر منرلز فورم میں پاکستان کی فعال شرکت کو سراہتے ہیں‘ (فوٹو: وزارت پیٹرولیم)
پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان توانائی اور معدنیات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزارت پیٹرولیم کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کہا کہ ’ریاض میں منعقدہ فیوچر منرلز فورم نے پاکستان اور سعودیہ کے توانائی تعاون کے لیے اہم پلیٹ فارم فراہم کیا۔‘
سعودی سفیر نے کہا کہ ’فیوچر منرلز فورم میں پاکستان کی فعال شرکت کو سراہتے ہیں، معدنیات کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مسلسل روابط اہم ہیں۔‘
علی پرویز ملک نے فیوچر منرلز فورم کے کامیاب انعقاد پر سعودی عرب کو مبارکباد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور مشترکہ منصوبوں کی صورت میں عملی نتائج میں تبدیل ہوں گے۔
