Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی اربن ماسٹر پلان 2040: سیاحتی، صنعتی سرگرمیوں میں کئی گنا اضافہ ہوگا

دبئی ماسٹر پلان کے تحت سیاحت سے متعلق جگہوں میں 134 فیصد تک گنجائش بڑھا دی جائے گی (فوٹو: اے ایف پی)
دبئی میڈیا آفس نے بتایا ہے کہ دبئی کی حکومت نے’ 2040 کا شہری منصوبہ بندی‘ (دبئی اربن ماسٹر پلان 2040) کا آغاز کر دیا ہے جس کا مقصد اسے رہنے کے لیے دنیا کا ایک بہترین شہر بنانا ہے۔‘
دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے سرکاری طور پر اس منصوبے کا آغاز اتوار کو کیا۔ منصوبے کے تحت 2040 تک دبئی میں بڑے پیمانے پر اقتصادی اور تفریحی سرگرمیاں شروع کی جائیں گی اور اس کا 60 فیصد تک حصہ قدرتی ماحول کے مطابق ڈھال دیا جائے گا۔

 

منصوبے کے ایک اہم نکتے کے تحت 2040 تک دبئی کی آبادی 58 لاکھ تک بڑھا دی جائے گی۔ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق دبئی کی موجودہ آبادی 33 لاکھ 80 ہزار نفوس پر مشتمل ہے۔
یہ منصوبہ جس کا اعلان ٹوئٹر پر کیا گیا، کے تحت مزید زمین حاصل کر کے شہریوں کے لیے ضروری خدمات میں اضافہ کیا جائے گا۔
منصوبے کے تحت 168 مربع کلومیٹر کا رقبہ صنعتی اور اقتصادی سرگرمیوں کے لیے مختص کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ تعلیمی اور صحت کی سرگرمیوں کے لیے جگہوں میں مزید 25 فیصد گنجائش پیدا کی جائے گی جبکہ سیاحت سے متعلق جگہوں میں 134 فیصد تک گنجائش بڑھائی جائے گی۔  
دبئی اربن ماسٹر پلان 2040 کے تحت عوامی نقل و حمل بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ایک مربوط مرکز کے ذریعے سرکاری خدمات تک رسائی فراہم کی جائے گی۔

اس منصوبے میں بتایا گیا ہے کہ عوامی ساحلوں کی گنجائش کو 400 فیصد تک بڑھا دیا جائے گا (فوٹو: اے ایف پی)

ماسٹر پلان کے دیگر اہم نکات کے تحت مزید دو اضافی اربن سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ سرسبز اور تفریحی جگہوں میں مزید 105 فیصد تک اضافہ کیا جائے گا۔
منصوبے میں بتایا گیا ہے کہ عوامی ساحلوں کی گنجائش کو 400 فیصد تک بڑھا دیا جائے گا۔

شیئر: