Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویزا ہولڈرز کو ایس او پیز کی پابندی کے ساتھ عمان آنے کی اجازت

تجارتی سرگرمیوں پر رات کے وقت لگائی جانے والی پابندی میں توسیع کی گئی ہے ( فوٹو: ٹائمز آف عمان)
سلطنت عمان کی پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’ویزا ہولڈرز کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقررہ شرائط کی پابندی کے ساتھ سلطنت عمان آ سکتے ہیں۔‘ 
عمانی خبررساں ادارے اونا کے مطابق ’عمانی پولیس نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کہا کہ ’اعلیٰ کمیٹی فیصلہ کر چکی ہے کہ عمانی شہری اور مقیم غیرملکی ہی سلطنت عمان واپس آ سکتے ہیں۔‘
یہ بھی کہا گیا کہ ’اب تک جن لوگوں کو ویزے جاری ہو چکے ہیں وہ سلطنت عمان آ سکتے ہیں تاہم انہیں متعلقہ اداروں کی جانب سے مقرر کردہ شرائط کی پابندی کرنا ہوگی۔‘
یاد رہے کہ عمانی صحت حکام نے پیر کو بیان میں کہا تھا کہ ’جمعرات آٹھ اپریل سے مقیم غیرملکیوں کا عمان میں داخلہ بند ہوجائے گا۔ یہ پابندی کورونا وبا کو پھیلنے سے روکنے کے  لیے کیے گئے اقدامات کے تحت لگائی گئی ہے۔‘ 
عمان کی اعلیٰ کمیٹی نے کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے متعدد فیصلے کیے تھے۔ جن میں سے ایک یہ تھا کہ آٹھ اپریل دوپہر بارہ بجے سے صرف عمانی شہری اور اقامہ ہولڈرز غیرملکی ہی عمان آ سکیں گے۔
اعلیٰ کمیٹی نے عمانی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ آئندہ مرحلے میں انتہائی ضرورت کے تحت ہی باہر کا سفر کریں۔
عمان نے رمضان کے آخر تک تمام تجارتی سرگرمیوں پر رات کے وقت پابندی میں توسیع کردی ہے۔ رمضان اگلے ہفتے سے شروع ہوگا۔ 
بیان میں کہا گیا تھا کہ ’افراد اور گاڑیوں پر 28 مارچ سے رات آٹھ بجے سے صبح پانچ بجے آٹھ اپریل تک پابندی رہے گی تاہم اب رمضان کے آخر تک توسیع کردی گئی ہے۔‘

شیئر: