Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں کورونا کا پھیلاؤ، کیسز رواں برس کی بلند ترین سطح پر

پاکستان میں اس وقت کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 15 ہزار 124ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پانچ ہزار سے زیادہ کورونا وائرس کے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 98 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
جمعرات کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس کے 49 ہزار 816 ٹیسٹ ہوئے۔
بدھ کو کورونا وائرس کے پانچ ہزار تین سو 29 نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ یہ رواں برس کورونا کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
گذشتہ روز 49 ہزار 816 افراد کے کورونا ٹیسٹ بھی کیے گئے۔ ان میں سے 21 ہزار 325 ٹیسٹ پنجاب، نو ہزار 411 سندھ، آٹھ ہزار 292 خیبر پختونخوا، آٹھ ہزار 433 اسلام آباد، 816 بلوچستان، 474 گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ایک ہزار سے زائد ٹیسٹ ہوئے۔
کورونا وائرس کی وبا سے سب سے زیادہ ہلاکتیں پنجاب میں ہوئیں، جہاں 55 افراد نے دم توڑا۔ خیبر پختونخوا میں 23، پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں پانچ، سندھ میں چار اور اسلام آباد میں تین افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
جبکہ بلوچستان اور گلگت بلتستان میں کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی ہے۔
مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والے 98 افراد میں سے 31 نے وینٹی لیٹر پر دم توڑا۔ جبکہ 90 افراد ہسپتالوں اور آٹھ ہسپتالوں سے باہر ہلاک ہوئے ہیں۔
 

پاکستان میں اب تک چھ لاکھ سے زیادہ افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہو چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

اس وقت گجرنوالہ، ملتان، لاہور اور اسلام آباد چار ایسے شہر ہیں جہاں وینٹی لیٹرز پر مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ ہیں۔
آکسیجن بیڈز پر مریضوں کی زیادہ تعداد میں بھی گجرنوالہ سرفہرست ہے۔ اس کے بعد بالترتیب پشاور، گجرات اور سوات کا نمبر ہے۔
پاکستان میں اس وقت کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 15 ہزار 124ہے۔ جبکہ مثبت کیسز کی تعداد 66 ہزار 994 ہے۔
اب تک چھ لاکھ 23 ہزار 399 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
اس وقت پورے ملک کے چھ سو 31 ہسپتالوں کی کورونا وارڈز میں چار ہزار سے زائد مریض داخل ہیں۔

شیئر: