Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کے باعث حج پر نہ جانے والے لوگ رقم عطیہ کر دیں: اطالوی امام

سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’صرف ان کو داخلے کی اجازت ملے گی جنہوں نے ویکسین لگوائی ہو یا صحت یاب ہو چکے ہوں۔‘ (فوٹو: روئٹرز)
اٹلی کے شہر فلورنس کے امام نے کہا ہے کہ ملک میں رہنے والے مسلمان جو اس سال کووڈ 19 کی بندشوں کے باعث حج یا عمرے پر نہیں جا سکتے وہ اس مقصد کے لیے مختص رقم ضرورت مند افراد کو عطیہ کر دیں۔
عرب نیوز کے مطابق امام ایزیدین الزیر کا کہنا ہے کہ ’جب تک ہمارے ہاں ویکسین کا پروگرام مکمل نہیں ہو جاتا، میں ہر اس شخص سے کہوں گا کہ جو حج یا عمرے کا ارادہ رکھتا ہے وہ رقم انہیں دے دیں جو مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ حج یا عمرے کے لیے وہ اگلے سال بھی جا سکتے ہیں۔‘
پیر کو سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ’صرف ان لوگوں کو مکہ میں مسجد الحرام میں داخلے کی اجازت ملے گی جنہوں نے ویکسین لگوا لی ہو یا پھر جو بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہوں۔‘
یہ بھی بتایا گیا تھا کہ ’مکہ اور مدینہ میں داخلے کی اجازت کے لیے ضروری ہے کہ چودہ روز قبل ویکیسن کی دونوں خوراکیں لی جا چکی ہوں۔‘
اٹلی میں کونسل آف اسلامک کمیونٹیز کے سابق صدر ایززیدین الزیر نے سعودی عرب کی جانب سے کیے گئے اقداماات کو مکمل طور پر درست قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 'پیغمبر اسلام نے ہمیں درس دیا ہے کہ جہاں وبا پھیلی ہو ہمیں وہاں داخل نہیں ہونا چاہیے اور نہ ہی وہاں سے نکلنا چاہیے۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’خدا کی عبادت کرنا ہمارے لیے اہم ہے، تاہم اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کا خیال بھی کرنا چاہیے۔‘

 امام کے مطابق 'عام طور پر ایک سے ڈیڑھ ہزار مسلمان ہر سال اٹلی سے حج کے لیے جاتے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’ہر سال ایک سے ڈیڑھ ہزار مسلمان اٹلی سے حج کے لیے جاتے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ اس سال صرف 500 جا پائیں گے۔'
سیسلین شہر کٹانیا کے امام نے بھی سعودی عرب میں ہونے والے اقدامات سے اتفاق کیا ہے۔
عبدالہافد ٰخیط کا کہنا ہے کہ 'جانے والوں سے یہ دریافت کرنا درست ہے کہ انہوں نے ویکیسن لگوائی ہے یا نہیں کیونکہ صحت کی حفاظت اہم ہے۔‘

شیئر: