Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محفوظ عمرہ پروگرام: مکہ اور مدینہ کے راستوں پر چیک پوسٹیں قائم

عمرہ زائرین کے لیے خصوصی ٹریک قائم کیے گئے ہیں- (فوٹو اخبار 24)
سعودی عرب میں روڈ سیکیورٹی سپیشل فورس کے کمانڈر میجر جنرل عبدالعزیز المسعد نے کہا  ہے کہ روڈ سیکیورٹی فورس نے محفوظ عمرے کے لیے سپیشل پروگرام  تیار کیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق میجر جنرل عبدالعزیز المسعد نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ یہ دونکاتی پروگرام ہے۔ پہلا نکتہ یہ ہے کہ اجازت نامہ نہ رکھنے والے کسی بھی شخص کو مکہ مکرمہ چیک پوسٹوں تک رسائی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ مکہ کے راستوں سے سفر کرنے والوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ کورونا وبا کے تناظر میں لازم قرار دیے گئے صحت سے متعلق اقدامات کی پابندی کریں۔ 
 دوسرا نکتہ یہ ہے کہ مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ جانے والے تمام راستوں پر  ٹریفک اور سیکیورٹی کا معیار بہتر کیا گیا ہے۔ جگہ جگہ چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں اور انہیں افرادی قوت اور ضروری آلات سے لیس کیا گیا ہے۔

ہنگامی صورتحال کے لیے متبادل منصوبے تیار کیے گئے ہیں- (فوٹو سعودی چینل ون ٹوئٹر)

انہوں نے کہا کہ ٹریفک حادثے کا باعث بننے والی  خلاف ورزیوں کو قابو کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے کام لیا جارہا ہے۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متبادل منصوبے تیار کیے گئے ہیں۔ 
سیکیورٹی چیک پوسٹوں پر انتظار کا وقفہ کم کر دیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے ٹریکس کی تعداد بڑھائی گئی ہے جبکہ مکہ مکرمہ کے باہر عمرہ زائرین کے لیے خصوصی ٹریک قائم کیے گئے ہیں۔
میجر جنرل عبدالعزیز المسعد نے بتایا  کہ شاہراہوں پر گشت کے لیے متعلقہ دستوں کی تعداد بڑھا دی گئی ہے۔ اس کا اہم فائدہ یہ ہوگا کہ اگر کہیں کوئی حادثہ رونما ہوتا ہے یا کوئی خلاف قانون صورتحال سامنے آتی ہے تو ایسی صورت میں شکایات کو پہلی فرصت میں نمٹایا جاسکے گا۔ 
انہوں نے کہا کہ ممنوعہ اوقات میں ٹرکوں کو شاہراہوں سے سفر کی اجازت نہیں ہوگی اس پر گہری نظر رکھی جارہی ہے۔ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے ٹرکوں کے ڈرائیوروں سے متبادل راستے اختیار کرائے جائیں گے۔ مکہ مکرمہ شہر میں ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لیے بھی متعدد اقدامات کیے جارہے ہیں۔
  • واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: