Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانوی پولیس کو دنیا کے سب سے بڑے خرگوش کے چوروں کی تلاش

خرگوش کی مالکن نے اسے بخیریت واپس لانے پر انعام کا اعلان کیا ہے (فوٹو: شٹر سٹاک)
برطانوی پولیس دنیا کے سب سے بڑے خرگوش ڈیریئس کو اس کے مالک کے باغ سے چوری کرنے والے چوروں کو تلاش کر رہی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ’انہوں نے بھورے اور سفید رنگ کے اس خرگوش کے حوالے سے معلومات کی اپیل کی ہے جو گذشتہ سنیچر کی رات کو سٹولٹن میں غائب پایا گیا تھا۔‘
ڈیریئس جو ایک دیو قامت خرگوش ہے، کو گینز ورلڈ ریکارڈز نے 2010 میں سب سے طویل عمر تک زندہ رہنے والے خرگوش کا اعزاز دیا تھا۔ وہ چار فٹ تین انچ لمبا ہے۔
ڈیریئس کی مالکن اینیٹ ایڈورڈز نے اتوار کو ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ بہت غمگین دن تھا اور وہ اس کی صحیح سلامت واپسی پر ایک ہزار پاؤنڈ انعام کی پیش کش کرتی ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ڈیریئس کافی بوڑھا ہو چکا ہے اور اس سے نسل نہیں بڑھائی جا سکتی۔ برائے کرم اسے واپس لاؤ۔‘
اینیٹ نے 2018 میں اعلان کیا تھا کہ ’ڈیریئس جو اس وقت آٹھ سال کا تھا، ریٹائر ہو گیا ہے اور اب وہ عوامی اجتماعات اور میڈیا کے سامنے نہیں آئے گا بلکہ گھر میں خاموش زندگی گزارے گا۔‘
اس سے قبل ایک سانحے میں اس خاتون مالکن کو ڈیریئس کے بیٹے سائمن کی موت کا غم سہنا پڑا تھا۔ سائمن کی لمبائی تین فٹ تھی اور وہ 2010 میں اپنے نئے مالک کو فلائٹ کے ذریعے منتقلی کے دوران ہلاک ہو گیا تھا۔

شیئر: