Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حرم مکی کے لیے سات ماہ میں 15 ملین پرمٹس کا اجرا

عمرے کے لیے 45 لاکھ سے زائد پرمٹ جاری کیے گئے (فوٹو: ٹوئٹر)
ادارہ امور حرمین شریفین کا کہنا ہے کہ حرم مکی کے لیے اب تک 15 ملین سے زائد نماز اورعمرہ پرمٹ جاری کیے جا چکے ہیں۔ آنے والے عمرہ زائرین اور نمازیوں کے لیے انتظامات مختلف ہیں۔
ویب نیوز ’سبق‘ نے ادارہ امور حرمین کے حوالے سے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے عائد پابندیوں کے ہٹائے جانے کے بعد ( 4 اکتوبر 2020 )  سے رمضان کی یکم تاریخ تک 45 لاکھ 14 ہزار سے زائد عمرہ اور 10 لاکھ 61 ہزار افراد کو نماز کے لیے پرمٹ جاری کیے گئے ہیں۔

 زائرین کو منظم رکھنے کے لیے جامع منصوبہ بندی پرعمل کیا جاتا ہے (فوٹو: واس)

واضح رہے کہ مملکت میں کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظرمارچ 2020 کے بعد سے عمرے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔ گذشتہ برس ماہ رمضان میں مملکت کے تمام شہروں میں کرفیو نافذ تھا جس کی وجہ سے عام افراد نہ تو عمرہ ادا کرسکتے تھے اور نہ ہی حرم شریف میں نماز باجماعت کی ادائیگی کے لیے جا سکتے تھے۔
کورونا کے باعث عائد کی جانے والی پابندیوں میں چار اکتوبر 2020 سے نرمی کے بعد حرم شریف میں عمرہ اور نماز باجماعت کے لیے آنے والوں کو مقررہ ضوابط کے تحت اجازت دی گئی۔
وزارت حج و عمرہ کی جانب سے عمرہ اور نماز باجماعت کے لیے خصوصی پرمٹ جاری کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا۔ عمرہ اور نماز کے لیے پرمٹ کا اجرا وزارت عمرہ کے پورٹل ’اعتمرنا‘ سے کیا جاتا ہے۔
اعتمرنا ایپ کے ذریعے عمرے کے لیے الگ جبکہ نماز باجماعت کےلیے الگ پرمٹ جاری کیا جاتا ہے۔ عمرہ پرمٹ کے لیے ’کیوآر کوڈ‘ سبز جبکہ نماز کے لیے کوڈ کا رنگ براؤن ہے۔

نماز باجماعت کے لیے آنے والوں کو مطاف میں جانے کی اجازت نہیں (فوٹو: ٹوئٹر)

عمرہ زائرین کا داخلہ منظم کرنے کے لیے حرم شریف کی انتظامیہ نے تمام داخلی دروازے جو ماضی میں ہمہ وقت کھلے رہتے تھے، کو بند کرکے صرف دو مقامات پر چیک پوائنٹ بنائے ہیں، جہاں سے زائرین کو جاری کیے گئے پرمٹ کی جانچ کے بعد انہیں اندر جانے کی اجازت دی جاتی ہے۔
حرم شریف میں نماز باجماعت ادا کرنے کے لیے آنے والوں کو حرم مکی کی بالائی منزل یا حرم شریف کے نئے توسیعی حصہ میں جانے کی اجازت ہوتی ہے۔
 

شیئر: