Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سلامتی کونسل کی طرف سے سعودی عرب کے امن اقدام کا خیر مقدم

امن اقدام یمن میں اقوام متحدہ کے ایلچی کی امن تجاویز کے مطابق ہے(فوٹو عرب نیوز)
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے یمن میں تنازع کے خاتمے اور بحران کے سیاسی حل تک پہنچنے کے لیے سعودی عرب کے امن اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سلامتی کونسل نے ایک بیان میں کہا کہ’ سعودی عرب کا امن اقدام یمن میں اقوام متحدہ کے ایلچی مارٹن گریفتھی کی امن تجاویز کے مطابق ہے‘۔
یاد رہے کہ سعودی عرب کی امن اقدام میں یمن بھر یمں جنگ بندی، صنعا انٹرنیشنل ایئر پورٹ کو دوبارہ کھولنے اورالحدیدہ پورٹ کے ذریعے تیل اور غذائی اشیا کی فراہمی شامل ہے۔
 العربیہ نیٹ کے مطابق یمن کے لیے امریکہ کے خصوصی نمائندے ٹموتھی لینڈرکنگ نے جمعے کو بتایا کہ انہوں نے سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کے ساتھ یمن میں تنازع کے حل کی اہمیت پر بات چیت کی ہے۔
لینڈرکنگ نے مارب صوبے میں حوثی ملیشیا کے حملوں کا سلسلہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا اور زور دیا کہ کئی برس سے سمندر میں موجود آئل ٹینکر ’صافر‘ کے معائنے کے لیے اقوام متحدہ کے مشن کی رسائی کا عمل آسان بنایا جائے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل  یو این سیکریٹری جنرل کے نائب ترجمان فرحان حق نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’سعودی عرب کی امن تجاویز یمن میں جنگ کے خاتمے کے لیے عالمی ادارے کی اپنی کوششوں سے ہم آہنگ ہیں۔
اقوام متحدہ کے نائب ترجمان کا کہنا تھا کہ’ اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی مارٹن یمن میں ملک گیر جنگ بندی کو محفوظ بنانے، کمرشل طیاروں کے لیےایئر پورٹ کو دوبارہ کھولنے اور بات چیت دوبارہ شروع کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں‘۔
’ اس میں کوئی شک نہیں کہ یمن میں تنازعات کے خاتمے اور یمنی عوام کے دکھوں کو دور کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنا ہوگی‘۔ 
’اقوام متحدہ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے تمام فریقوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہے‘۔

 

شیئر: