Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یمن کا ’ٹائم بم‘ پھٹنے سے ’تباہی کے ذمے دار حوثی ہوں گے‘

سیفر آئل ٹینکر بحیرہ احمر میں کئی لاکھ ٹن تیل پھیلا سکتا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
اقوام متحدہ میں عالمی طاقتوں نے حوثیوں کو متنبہ کیا ہے کہ اگر یمن کے ساحل پر بندھا تیل کا ٹینکر پھٹ گیا تو وہ ماحولیاتی تباہی کے ذمہ دار ہوں گے۔
عرب نیوز کے مطابق بوسیدہ ایف ایس او سیفر ٹینکر، جسے ’ٹائم بم‘ بھی کہا جاتا ہے، 2015 سے ایران کی حمایت یافتہ ملیشیا کے کنٹرول میں ہے۔
یہ جہاز بحیرہ احمر میں لاکھوں ٹن تیل پھیلا سکتا ہے، اس کے باوجود حوثیوں نے متعدد بار اقوام متحدہ کو جہاز کے لیے ماہرین کی ٹیم بھجوانے سے روکا ہے۔
اس حوالے سے اقوام متحدہ میں برطانیہ کی مستقل مندوب باربرا ووڈ ورڈ کا کہنا ہے کہ ’حوثیوں نے ابھی تک اقوام متحدہ کے جائزہ مشن کے حوالے سے رضا مندی ظاہر نہیں کی ہے۔ یہ جہاز حوثیوں کے کنٹرول میں ہے اور معاملات کی تمام تر ذمہ داری حوثیوں کے کندھوں پر ہوگی۔‘
انہوں نے کہا کہ اگر حوثیوں نے کچھ نہ کیا تو برطانیہ اس معاملے کو سلامتی کونسل میں اٹھائے گا۔
باربرا ووڈ ورڈ کی اس تنبیہ کو اقوام متحدہ میں فرانس کے سفیر نے بھی دہرایا اور کہا کہ ’اگر حوثیوں نے اقوام متحدہ کی معائنہ ٹیم کو فوری رسائی کی اجازت نہیں دی تو وہ سیفر سے لاحق ماحولیاتی، معاشی اور انسانی خطرے کے ذمہ دار ہوں گے۔‘
جبکہ اقوام متحدہ میں امریکا کی سفیر لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے کہا کہ ’حوثی مزید کسی تاخیر کے ٹینکر کے معائنے کی اجازت دے۔‘
خیال رہے کہ گذشتہ روز عرب اتحاد نے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کی طرف داغے جانے والے پانچ بلیسٹک میزائلز اور چار بارودی ڈرونز کو تباہ کر دیا تھا۔
ان حملوں کے حوالے سے عرب اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے اپنے بیان میں بتایا تھا کہ ’حملوں کے اہداف میں جازان یونیورسٹی سمیت دوسرے شہری مقامات شامل تھے جو بین الاقوامی انسانی قانون کے زیر حفاظت ہوتے ہیں۔‘
جبکہ اس صورتحال کے حوالے سے عالمی امور کے ماہر ڈاکٹر ہمدان السحری کا کہنا ہے کہ ’یمن میں جاری اس طویل بحران کی ذمہ دار بین الاقوامی کمیونٹی ہے۔ سعودی عرب کو ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کے تباہی پھیلانے کا انتظار نہیں کرنا چاہیے۔‘

شیئر: