Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا بھی ’ریڈ لسٹ‘ میں شامل، پابندیوں کا آغاز جمعے سے

برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن نے کورونا کیسز میں اضافے کی وجہ سے اپنا دورہ انڈیا منسوخ کردیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
برطانیہ نے کورونا وائرس کے کیسز میں غیر معمولی اضافے کے بعد انڈیا پر سفری پابندیاں عائد کردیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق برطانیہ نے انڈیا کو سفری پابندیوں کی ’ریڈ لسٹ‘ میں شامل کر لیا ہے۔
وزیر صحت میٹ ہنکاک نے بتایا کہ انڈیا کو ریڈ لسٹ والے ممالک میں شامل کیا جا رہا ہے۔ لسٹ میں شامل ممالک سے سوائے برطانوی اور آئرش شہریوں کے تمام مسافروں کے برطانیہ آمد پر پابندی ہوگی۔

 

برطانوی اور آئرش شہری ان ممالک سے آمد کے بعد حکومت کی جانب سے منظور شدہ ہوٹلز میں 10 دن تک قرنطینہ میں رہیں گے جس کے اخراجات وہ خود ادا کریں گے۔
وزیر صحت کے مطابق پابندی کا اطلاق جمعے سے ہوگا۔
خیال رہے انڈیا میں کورونا وائرس کے کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے اور ملک میں ہسپتال مریضوں سے بھر گئے ہیں۔
قبل ازیں برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن نے اس وجہ سے اپنا دورہ انڈیا منسوخ کردیا تھا۔ بورس جانسن کو آئندہ ہفتے انڈیا کے دورے پر روانہ ہونا تھا۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ ’یہ دورہ انڈیا میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر منسوخ کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بورس جانسن آئندہ ہفتے طے شدہ دورے پر انڈیا نہیں جا سکیں گے۔
بیان کے مطابق 'اس کے بجائے دونوں وزرائے اعظم نریندر مودی اور بورس جانسن مستقبل میں انڈیا اور برطانیہ کے درمیان اشتراک پر رواں ماہ بات کریں گے۔‘
خیال رہے کہ سنہ 2019 میں اقتدار میں آنے کے بعد یہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا پہلا اہم غیر ملکی دورہ ہوتا۔

شیئر: