Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: کورونا رپورٹس چیک نہ کرنے پر چار ایئرلائنز کے خلاف ایف آئی آر

اروند کیجریوال نے کہا کہ دہلی کورونا کیسز کی شرح 30 فیصد مثبت ہونا تشویشناک بات ہے (فوٹو: انڈین ایکسپریس)
انڈیا کے دارالحکومت دہلی میں حکومت نے کورونا ٹیسٹ رپورٹس چیک نہ کرنے پر چار ایئر لائنز کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق دہلی حکومت نے گزشتہ ہفتے مہاراشٹر سے آنے والے مسافروں کے لیے آر ٹی /پی سی آر ٹیسٹ لازمی قرار دیا تھا۔
دہلی میں روزانہ کی بنیاد پر کورونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔
نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق دہلی حکومت نے چار ایئر لائنز کے خلاف اس حوالے سے مقدمہ درج کیا ہے۔ ان ایئر لائنز کے نام انڈیگو، وستارا، سپائس جیٹ اور ایئر ایشیا ہیں۔
دہلی اور دوسری ریاستوں نے کورونا سے بری طرح متاثر ریاست مہاراشٹر سے آنے والے مسافروں کا کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا تھا۔
دہلی میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور سنیچر کو وہاں 24 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے۔
اے این آئی کے مطابق ایئر لائنز کے خلاف مقدمہ ’ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ‘ کے تحت درج کیا گیا ہے۔
کورونا کیسز میں اضافے کے بعد دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے ہسپتالوں میں آکسیجن بیڈز کے لیے مرکزی حکومت سے مدد طلب کی ہے۔
انہوں نے ناردرن ریلویز سے دہلی کی شاکر بستی ریلوے سٹیشن پر آئسولیشن بوگیوں کے لیے بھی درخواست کی ہے۔ جنرل مینجر اشوتوش گنجال نے اتوار کو کہا کہ ایسی 25 بوگیاں آنند ویہار ریلوے سٹیشن پر مہیا کی جائیں گی۔
اروند کیجریوال نے کہا کہ ’کامن ویلتھ گیمز ویلج اور کچھ سکولوں کو کورونا سینٹر میں تبدیل کیا جائے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ دہلی میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 30 فیصد ہونا تشویشناک بات ہے۔
انڈیا میں کورونا کیسز کی تعداد ڈیڑھ کروڑ تک پہنچ گئی ہے اور ایک لاکھ 77 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

شیئر: