Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کیسز میں اضافہ، برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا دورہ انڈیا منسوخ

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق ’یہ دورہ انڈیا میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر منسوخ کیا گیا ہے۔‘ فائل فوٹو: روئٹرز
برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن نے پیر کے روز اپنا دورہ انڈیا منسوخ کردیا، جس پر انہیں آئندہ ہفتے روانہ ہونا تھا۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’یہ دورہ انڈیا میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر منسوخ کیا گیا ہے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ بورس جانسن آئندہ ہفتے طے شدہ دورہ انڈیا نہیں جا سکیں گے۔
'اس کے بجائے دونوں وزرائے اعظم نریندر مودی اور بورس جانسن مستقبل میں انڈیا اور برطانیہ کے درمیان اشتراک پر رواں ماہ بات کریں گے۔'
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق وزیراعظم بورس جانسن کو 26 اپریل کو انڈیا کے تین روزہ دورے پر روانہ ہونا تھا۔
یہ بورس جانسن کا 2019 میں اقتدار میں آنے کے بعد پہلا بڑا دو طرفہ غیرملکی دورہ ہونا تھا۔
بورس جانسن کا دورہ ابتدا میں جنوری کو ہونا تھا اور اسے بریکزٹ کے بعد برطانیہ کے لیے اپنی بین الاقوامی تجارتی پالیسی پر توجہ دینے کا موقع بتایا جا رہا تھا۔
تاہم برطانیہ میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز، لوگوں کا ہسپتالوں میں داخلہ اور اموات کی وجہ سے رواں سال کے اوائل میں یہ دورہ ملتوی ہوا۔
اس بار ان کے دورے کی منسوخی کہ وجہ انڈیا میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہے۔ متعلقہ افسران لگاتار پانچ دنوں سے دو لاکھ کیسز ریکارڈ کر رہے ہیں جس کی وجہ بورس جانسن کا دورہ منسوخ کیا گیا۔

شیئر: