Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جہانگیر ترین کا ’مذاکراتی کمیٹی‘ سے ملاقات سے انکار

منی لانڈرنگ کیس میں جہانگیر ترین اور علی ترین سمیت دیگر ملزمان 3 مئی تک ضمانت پر ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
تحریک انصاف  کے رہنما جہانگیر خان ترین نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی سے ملاقات سے انکار کر دیا ہے۔
جہانگیر ترین کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’حکومتی کمیٹی سے ملاقات نہیں کریں گے، ہم اپنے تحفظات صرف وزیراعظم کے سامنے ہی رکھیں گے۔‘
جہانگیر ترین کی جانب سے بیان ایک ایسے موقع پر جاری کیا گیا ہے جب چند مقامی ذرائع ابلاغ نے جہانگیر ترین سے ملاقات کے لیے حکومتی کمیٹی قائم کرنے کی خبر نشر کی۔

 

تاہم اردو نیوز کے رابطہ کرنے پر حکومتی رہنماؤں  نے جہانگیر ترین سے مذاکرات کے لیے کمیٹی کے قیام کی تصدیق نہیں کی۔
جہانگیر ترین کے بیان کے مطابق ’تحفظات سننے کے لیے وزیراعظم سے ملاقات کی یقین دہانی کرائی گئی تھی اور ہم خیال گروپ صرف وزیراعظم سے ہی ملاقات کرے گا۔‘
ادھر ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ جہانگیر ترین کی جانب سے بدھ کو ہم خیال گروپ کے ارکان کے اعزاز میں افطار پارٹی رکھی گئی تھی جو کہ فلحال ملتوی کر دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ ماضی میں وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی رہنے والے پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی ترین کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے نے منی لانڈرنگ اور بینکنگ فراڈ کے مقدمات قائم کر رکھے ہیں جس میں ایف آئی اے نے ان کے تمام اکاؤنٹس منجمند کر دیے ہیں۔
خیال رہے ان کیسز میں جہانگیر ترین اور علی ترین سمیت دیگر ملزمان 3 مئی تک ضمانت پر ہیں۔

شیئر: