Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

2030 تک پچاس فیصد ماحول دوست توانائی حاصل کرلیں گے: شاہ سلمان

سعودی عرب اس سال گرین مشرق وسطی سربراہ کانفرنس کی میزبانی کرے گا- (فوٹو العربیہ)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے کہا ہے  کہ ہمارا ہدف 2030 تک 50 فیصد ماحول دوست توانائی کا حصول  ہے- ’دیرپا ترقی کے لیے دنیا بھر  کے ممالک کے حالات کو مدنظر رکھ کر جامع حکمت عملی تیار کرنا ہوگی- ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون کا معیار بلند کرنا پڑے گا-‘
شاہ سلمان جمعرات کو ورچول ماحولیاتی سربراہ کانفرنس سے خطاب کررہے تھے-
العربیہ نیٹ کے مطابق شاہ سلمان نے خطاب کے آغاز میں کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے سربراہ کانفرنس منعقد کرنے پر صدر جوبائیڈن کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں- ’ماحولیاتی تبدیلی پورے کرہ ارض کے لیے خطرہ ہے اس کا دائرہ جغرافیائی سرحدوں تک محدود نہیں-‘
شاہ سلمان نے کہا کہ سعودی عرب نے وژن  2030 کے تحت ماحولیاتی قومی حکمت عملی اور ماحول دوست توانائی جیسے منصوبے قوانین اور حکمت عملیاں متعارف کرائی ہیں- ہمارا ہدف یہ ہے کہ 2030 تک سعودی عرب پچاس فیصد تک اپنی ضروریات ماحول دوست توانائی سے حاصل کرے-
شاہ سلمان نے کہا کہ ہم نے جی 20 کے دوران سرکلر اکانومی کے تصورات اختیار کیے-
شاہ سلمان نے کہا کہ سعودی عرب نے کاربن کے  اخراج میں تخفیف کے لیے دو اقدام متعارف کرائے- ان کی بدولت دس فیصد سے زیادہ کاربن کا اخراج کم ہوگا- دنیا بھر نے سعودی عرب کے گرین اقدامات کی حمایت کی ہے-
شاہ سلمان نے کہاکہ سعودی عرب اس سال گرین مشرق وسطی اقدام پر سربراہ کانفرنس کی میزبانی کرے گا-
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: