Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان ’موسمیاتی کانفرنس‘ میں مملکت کے وفد کی قیادت کریں گے

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود ’عالمی قائدین کے اجلاس برائے آب وہوا‘ کے آن لائن سیشن میں مملکت کے اعلی سطحی وفد کی سربراہی کریں گے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق دو روزہ سربراہی اجلاس موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے اور دنیا پر آب وہوا کے اثرات کو کم کرنے کے حوالے سے عالمی کوششوں کا نتیجہ ہے۔
ورچوئل اجلاس امریکی صدر جو بائیڈن کی دعوت پرمنعقد کیا جا رہا ہے جو آج بروز جمعرات 22 اپریل کو شروع ہو کر کل 23 اپریل کو ختم ہوگا۔ اجلاس میں 40 ممالک کے قائدین شرکت کریں گے۔
اجلاس میں خادم حرمین شریفین کی شرکت عالمی اور مقامی سطح پر موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے سعودی عرب کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات اور کوششوں کی تائید بھی ہے۔
حال ہی میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں ’گرین سعودی عرب‘ اور ’سرسبز مشرق وسطیٰ‘ کے عنوان سے عظیم مہم کا آغاز کیا تھا۔

شیئر: