Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان: سی کیٹگری کے ممالک سے آنے والے مسافروں پر سفری پابندی میں توسیع

جنوبی افریقہ، برازیل، کولمبیا اور کینیا سمیت 12 ممالک سے آنے والے شہریوں کے پاکستان میں داخلے پر پابندی ہوگی (فوٹو: فلکر)
پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے سی کیٹگری کے ممالک سے آنے والے بین الاقوامی مسافروں کی سفری پابندیوں میں 30 اپریل 2021 تک توسیع کردی ہے۔
جمعے کو سی اے اے کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق 'کیٹگری سی کے ممالک میں جنوبی افریقہ، بوٹسوانا، گھانا، کینیا، کوموروس، موزمبیق، زیمبیا، تنزانیہ، روانڈا شامل ہیں۔
سی اے اے کی فہرست کے مطابق ان کے علاوہ لاطینی امریکہ کے ممالک برازیل، پیرو اور کولمبیا بھی کیٹگری سی میں موجود ہیں۔  
گذشتہ ماہ پاکستان نے کورونا وائرس کی تیسری لہر میں شدت کے بعد بین الاقوامی پروازوں کے لیے نئے ایس او پیز جاری کیے تھے جس کے مطابق کیٹگری سی میں شامل ممالک سے آنے والی پروازوں پر پابندی رہے گی۔
بعد ازاں مارچ کے آخر میں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سی کیٹگری میں شامل ممالک سے پاکستان آنے والے مسافروں پر عائد پابندی میں نرمی کر دی تھی۔
اس نرمی کے تحت سی کیٹگری میں شامل 12 ممالک سے آنے والے مسافروں کو خصوصی اجازت نامے کے تحت سفر کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا کیا۔
سول ایوی ایشن کے مطابق کیٹگری اے میں شامل ممالک سے آنے والے مسافروں کو پی سی آر ٹیسٹ کے بغیر پاکستان میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

کیٹگری اے میں شامل ممالک سے آنے والے مسافروں کو پی سی آر ٹیسٹ کے بغیر پاکستان میں داخلے کی اجازت ہوگی (فوٹو: اے ایف پی)

 اے کیٹگری میں آسٹریلیا، بھوٹان، چین، فجی، جاپان، کرغیزستان، لاؤس، منگولیا، موریطانیہ اور مراکش شامل ہیں۔
میانمار، سعودی عرب، نیپال، نیوزی لینڈ، سنگاپور، جنوبی کوریا، سری لنکا، تاجکستان، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو اور ویتنام بھی اے کیٹگری میں شامل ہیں۔
کیٹگری اے میں جن ممالک کا ذکر نہیں کیا گیا وہاں سے آنے والے مسافروں کو پاکستان کے سفر سے قبل کورونا ٹیسٹ لازمی کرانا ہوگا اور یہ ٹیسٹ 72 گھنٹوں سے زیادہ پرانا نہیں ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ جو ممالک سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق اے یا سی کیٹگری میں شامل نہیں ہیں وہ کیٹگری بی میں شمار ہوں گے۔

شیئر: