Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی پروازوں کے لیے نئے ایس او پیز، چند ممالک سے آنے والی پروازوں پر پابندی

نئی ایس او پیز کے مطابق سی کیٹگری میں شامل 12 ممالک سے آنے والی پروازوں پر پابندی ہوگی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان نے کورونا وائرس کی تیسری لہر میں شدت کے بعد بین الاقوامی پروازوں کے لیے نئے ایس او پیز جاری کر دی ہیں جس کے مطابق کیٹگری سی میں شامل ممالک سے آنے والی پروازوں پر پابندی رہے گی۔
پاکستان سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری نئے ایس او پیز کے مطابق سی کیٹگری میں شامل 12 ممالک سے آنے والی پروازوں کے داخلے پر پابندی ہوگی۔
 بی کیٹگری والے ممالک سے آنے والے مسافروں کو پاکستان داخلے کے وقت کورونا منفی رپورٹ جمع کرانا ہوگی۔  بی کیٹگری میں برطانیہ، متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین اور دیگر ممالک شامل ہیں۔ 
پاکستان سول ایوی ایشن کے مطابق 23 مارچ سے 5 اپریل تک کیٹگری سی کی فہرست میں شامل ممالک سے آنے والی پروازوں پر مکمل طور پر پابندی عائد رہے گی۔
سی  کیٹگری میں جنوبی افریقہ، روانڈا، پیرو، تنزانیہ، زیمبیا، موزمبیق، کینیا، گھانا، کوموروس، کولمبیا، برازیل، بوٹسوانا شامل ہیں۔
سول ایوی ایشن کے مطابق کیٹگری اے میں شامل ممالک سے آنے والے افراد کو کورونا ٹیسٹ کے بغیر پاکستان میں داخلے کی اجازت ہوگی۔ 
 اے کیٹگری میں میانمار، سعودی عرب، نیپال، نیوزی لینڈ، سنگاپور، جنوبی کوریا، سری لنکا، تاجکستان، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو اور ویتنام شامل ہیں۔
نوٹی فکیشن کے مطابق وہ تمام ممالک جو ممالک اے اور سی کٹیگری میں نہیں ہے وہ بی کیٹگری میں شامل ہوں گے۔

شیئر: