Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جب 13 سالہ تندولکر پاکستان کی طرف سے میدان میں اترے

سچن تندولکر کے پاکستان کے خلاف پہلے میچ کے وقت عمران خان پاکستانی ٹیم کے کپتان تھے (فوٹو: فیس بک، سپورٹس سپیشل)
جب 16 سالہ سچن تندولکر نے اپنے کیریئر کے پہلے میچ میں پاکستان کے خلاف کراچی میں بلا تھاما تو اس وقت ان سمیت کسی کو معلوم نہ تھا یہ ’لٹل ماسٹر‘ کی انٹری ہے۔
انڈیا کے سابق سٹار بلے باز سچن تندولکر آج 48 سال کے ہو گئے ہیں۔ ان کا پورا نام سچن رمیش تندولکر ہے اور وہ مہاراشٹر میں 24 اپریل 1973 کو پیدا ہوئے۔
سوشل میڈیا پر ان کو مبارک باد دیے جانے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے جواب میں انہوں نے ایک ویڈیو بیان جاری کر کے سب کا شکریہ ادا کیا ہے۔
1989 میں جب سچن تندولکر نے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا اس وقت کی پاکستانی ٹیم کے کپتان موجودہ وزیراعظم عمران خان تھے۔ 
حیران کن امر یہ ہے کہ اس سے قبل سچن 20 جنوری 1987 کو پاکستانی ٹیم کی طرف سے ایک میچ کھیل چکے تھے مگر وہ ایک نمائشی میچ تھا جو انڈیا کرکٹ کلب کی گولڈن جوبلی کے موقع پر ممبئی کھیلا گیا تھا۔
اس وقت ان کی عمر 13 سال تھی اور انہوں نے اس میچ میں پاکستان کی طرف سے فیلڈنگ کی تھی۔
یہ 40 اوورز پر مشتمل میچ تھا اور ٹیسٹ سیریز سے قبل کھیلا گیا تھا۔ اپنے پہلے میچ کے حوالے سے سچن تندولکر اپنی کتاب ’پلینگ اٹ مائی وے‘ میں لکھتے ہیں کہ پاکستان روانگی سے دو سال قبل بھی وہ پاکستان کی ٹیم سے کھیل چکے تھے۔
لیجنڈ کرکٹر لکھتے ہیں کہ پتہ نہیں کہ ’اس وقت کے پاکستانی کپتان عمران خان کو وہ میچ یاد بھی یا نہیں، جس میں انہوں نے مجھ سے فیلڈنگ کروائی تھی۔‘
سچن تندولکر کا کرکٹ کیریئر شاندار کارکردگی سے بھرپور ہے، وہ انڈین ٹیم کے کپتان بھی رہے جبکہ اس ٹیم کا بھی حصہ تھے جس نے 2011 میں ورلڈ کپ جیتا تھا۔
سچن کچھ عرصہ قبل کورونا کا شکار ہو گئے تھے اور ان کو دو اپریل کو ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

وسیم اکرم نے سچن کے نام پیغام میں لکھا تھا کہ امید ہے وہ کورونا کو بھی چھکا لگائیں گے (فوٹو: اے ایف پی)

ان کی بیماری پر سوشل میڈیا صارفین نے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا تھا۔ سابق پاکستانی کپتان نے ٹوئٹر پر ان کے نام پیغام میں لکھا تھا ’جب آپ سولہ سال کے تھے تب بھی آپ میں دنیا کے بہترین بولرز کا سامنا کرنے کی صلاحیت تھی، مجھے یقین ہے کہ آپ کووڈ کو بھی چھکا لگائیں گے۔‘
سچن تندولکر نے اپنے پیغام میں مداحوں کو یہ خوشخبری بھی دی کہ وہ کورونا سے صحت یاب ہو چکے ہیں، اور کہا کہ وہ اپنا پلازمہ عطیہ کرنے والے ہیں اور وہ لوگ جو کورونا سے صحت یاب ہو چکے ہیں وہ بھی ایسا ہی کریں۔

شیئر: