Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کورونا کے اشاریے تشویشناک ہیں‘، پاکستان میں تین دن میں 419 اموات

پاکستان میں ہسپتالوں پر کورونا کے مریضوں کے بڑھتے بوجھ کے پیش نظر آکسیجن کی قلت کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر کی شدت برقرار ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 118 اموات ہوئی ہیں۔
ملک میں گزشتہ تین دنوں کے دوران عالمی وبا سے ہلاکتوں کی تعداد 419 رہی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ روز کورونا کے 55 ہزار 128 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے پانچ ہزار 611 مثبت آئے، یوں مثبت کیسز کی شرح دس فیصد سے زائد رہی۔

 

پاکستان میں اس وقت ایکٹیو کیسز کی تعداد 88 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔
ادھر پاکستان کے صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ کورونا کے اشاریے تشویشناک ہیں۔ اگر ہم خود منظم نہ ہوں تو پولیس کی نگرانی بھی ناکافی ہے۔
صدر عارف علوی نے ٹویٹ کیا کہ ’میرے نبیﷺ نے اس امت کو نظم سکھایا۔ میں آپ سے استدعا کرتا ہوں کہ گھر پر رہیں، ماسک پہنیں اور ہاتھ دھوئیں۔ مجبوری میں باہر نکلیں تو سماجی فاصلہ رکھیں۔ پھر دعا مانگیں گے تو اللہ ضرور مدد کرے گا۔‘
دوسری جانب ملک کے بڑے شہروں میں کورونا ایس او پیز پر عمل کرانے کے لیے فوج کے اہلکار سول انتظامیہ کے ساتھ نگرانی کر رہے ہیں۔ لاہور، کراچی، راولپنڈی و اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں دکانداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے پر جرمانے کیے گئے۔ 
اسسٹنٹ کمشنر پشاور کے مطابق شہر میں گزشتہ روز 200 افراد کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر حراست میں لیا گیا۔
خیال رہے کہ پاکستان میں حکام نے کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر ہسپتالوں میں آکسیجن کی قلت کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

شیئر: