Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’چین سے سائنو فارم ویکسین کی پانچ لاکھ خوراکیں آج پاکستان پہنچ جائیں گی‘

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 52 ہزار سے زائد کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے پانچ ہزار 908 مثبت آئے۔ (فوٹو: روئٹرز)
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ پاکستان ایئرفورس کا خصوصی طیارہ سائنو فارم ویکسین کی پانچ لاکھ خوراکیں لے کر آج سنیچر کو پاکستان پہنچ جائے گا۔
این سی او سی کا اجلاس سنیچر کو وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدرات ہوا۔ 
اجلاس میں بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ کی ہفتے میں دو دن کی بندش میں 17 مئی تک توسیع کر دی گئی۔
اجلاس کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں بتایا گیا کہ اگر کورونا کیسز میں اضافے والے شہروں میں موجودہ حالات برقرار رہے تو لاک ڈاؤن نافذ کیا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب پاکستان کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق پی آئی اے کی مزید تین خصوصی پروازیں کوڈ -19 ویکسین لانے کے لئے بیجنگ پہنچ گئیں۔
خصوصی طیاروں پر ویکسین کی لوڈنگ کا کام شروع ہے، تین بوئنگ 777 طیارے دس لاکھ ویکسین لے کر اتوار کو واپس پہنچیں گے۔
لاک ڈاؤن کے دوران تعلیمی اداروں کی مکمل بندش، انٹر سٹی ٹرانسپورٹ، مالز اور مارکیٹس کو بند کرنے کی تجاویز  ہیں، صوبائی حکومت کی درخواست پر رینجرز،  پاک فوج اور ایف سی کی خدمات فراہم کی جائیں گی۔ تاہم لاک ڈاؤن کا فیصلہ تمام فریقین کی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
اجلاس میں آکسیجن کی فراہمی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، آکسیجن کی سپلائی کو یقینی بنانے کے لیے اس کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، کورونا کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر مزید چھ ہزار 901 بیڈز فراہم کیے جاچکے ییں۔

تین بوئنگ 777 طیارے دس لاکھ ویکسین لے کر اتوار کو واپس پہنچیں گے۔ (فوٹو: پی آئی اے)

اجلاس میں بتایا گیا کہ این ڈی ایم اے کی جانب سے اب تک 2811 آکسیجن بیڈز، 431 وینٹی لیٹرز، 1196 آکسیجن سیلنڈرز، 1504 فنگر پلس آکسیمٹرز بھی فراہم کیے جا چکے ہیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 60 سال سے زائد عمر کے شہریوں کے لے ویکسین لگانے کے لیے والک ان کی سہولت کی اجازت دی جائے گی۔
دوسری جانب پاکستان میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح تیزی سے بڑھ رہی ہے اور گزشتہ روز کے مثبت کیسز کے مطابق یہ 11 فیصد سے تجاوز کر چکی ہے۔
این سی او سی کی جانب سے سنیچر کو جاری کیے گئے اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں عالمی وبا کے باعث 157 اموات ہوئی ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 52 ہزار سے زائد کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے پانچ ہزار 908 مثبت آئے۔

شیئر: