Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں ساڑھے تین لاکھ نئے کیسز،’اس طوفان نے قوم کو ہلا کررکھ دیا ‘

انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے ملک میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران روزانہ لاکھوں کی تعداد میں نئے کیسز آنے پر کہا ہے کہ ’اس طوفان نے قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔‘
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اتوار کو انڈین وزیراعظم نے ریڈیو خطاب میں کہا کہ کورونا کی پہلی لہر سے کامیابی سے نمٹتے کے بعد ہمارے حوصلے بلند تھے لیکن اس طوفان نے قوم کو ہلا دیا ہے۔
نریندر مودی نے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی۔

 

انڈیا میں گزشتہ چار دنوں سے یومیہ تین لاکھ سے زائد کورونا کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ صحت کے حکام کے مطابق گزشتہ روز ساڑھے تین لاکھ کے لگ بھگ مثبت کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ دو ہزار 767 اموات ہوئیں۔
ایک ارب 30 کروڑ آبادی کے ملک میں کورونا کی وبا تیزی سے پھیلی ہے اور دارالحکومت دہلی میں لاک ڈاؤن کی مدت میں ایک ہفتے کی توسیع کر دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیں کہ لاک ڈاؤن کی مدت بڑھائی جائے۔
انڈیا میں حکومت پر کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تیار نہ ہونے پر سخت تنقید کی جا رہی ہے۔
ٹوئٹر نے تصدیق کی ہے کہ انڈین حکومت کی درخواست پر کورونا کی صورتحال سے متعلق درجنوں ٹویٹس کو روکا گیا۔
کورونا وائرس کی یومیہ کیسز کی تعداد بڑھنے، ہسپتالوں میں آکسیجن کی شدید قلت اور دیگر طبی سہولیات کی فراہمی میں ناکامی پر سوشل میڈیا پر صارفین بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کو آڑے ہاتھوں لے رہے ہیں۔

ٹوئٹر صارف مدھو نے لکھا کہ ’مودی سرکار نے اپنی نااہلی کی وجہ سے ہندوستانی صحت کا نظام مکمل طور پرتباہ کر دیا ہے۔ یہ نااہل حکومت بھارتی شہریوں کے قتل پر تلی ہوئی ہے۔ صرف انتخابات کی اہمیت ہے، شہریوں کی نہیں۔‘

شیئر: