Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

السعودیہ اور گلف ایئر پروازوں کے لیے مارکیٹنگ اور ٹکٹ فروخت کریں گی

السعودیہ اور گلف ایئر کے درمیان سٹراٹیجک شراکت مضبوط ہوگی۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) نے مسافروں کے لیے سفر کے متعدد آپشن فراہم کرنے کے لیے گلف ایئر کے ساتھ مشترکہ علامت کا معاہدہ کیا ہے۔
اس کی بدولت السعودیہ اور گلف ایئر کے درمیان سٹراٹیجک شراکت مضبوط ہوگی۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق دونوں ایئرلائنز اس معاہدے کے تحت مختلف نمبروں کے ساتھ پروازوں کے لیے مارکیٹنگ اور ٹکٹ فروخت کریں گی۔ دونمبروں میں سے ایک السعودیہ اور دوسرا گلف ایئر کا ہوگا۔ 
السعودیہ اور گلف ایئر مشترکہ علامت کے ذریعے علاقے کے ممالک اور بیرونی دنیا کے لیے پروازوں کا دائرہ وسیع کریں گی۔ اپنے مسافروں کو منفرد معیار کیعرب ضیافت کا بندوبست کریں گی جبکہ سعودی عرب میں زیادہ سے زیادہ ہوائی اڈوں کے لیے آپشن دیں گی۔ دونوں کمپنیاں بین الاقوامی پروازوں پر بھی مسافروں کو کئی آپشن مہیا کریں گی۔ 
السعودیہ بحرین سے ریاض، جدہ، تبلیسی، سیالکوٹ، فیصل آباد، باکو اور ملتان جانے والی گلف ایئر کی پروازوں کے لیے ایس وی علامت کا اندراج کرے گی جبکہ گلف ایئر ریاض اور جدہ سے بحرین، ابہا، جازان، ینبع، الجوف، حائل اور تیونس جانے والی السعودیہ کی پروازوں کے  لیے جی ایف علامت کا اندراج کرے گی۔ 

السعودیہ اور گلف ایئر میں سٹراٹیجک شراکت موجود ہے۔(فوٹو ایس پی اے)

السعودیہ کے ایگزیکٹیو چیئرمین کیپٹن ابراہیم الکشی نے کہا کہ ’السعودیہ اور گلف ایئر میں سٹراٹیجک شراکت موجود ہے۔ اس کا فائدہ دونوں فضائی کمپنیوں کے مسافروں کو ہوگا۔ وہ ان کے مختلف سٹیشنوں کے لیے سفری سہولتیں حاصل کرسکیں گے‘۔ 
گلف ایئر کے ایگزیکٹیو قائم  مقام چیئرمین کیپٹن ولید العلوی نے کہا کہ دونوں ایئرلائنز خلیج کی اہم ترین ہیں۔ دونوں سات عشروں سے زیادہ عرصے سے مسافروں کی خدمت کررہی ہیں۔ دونوں کے درمیان  تعاون سے مسافروں کو فائدہ ہوگا۔ 
الفرسان پروگرام کے ممبران گلف ایئر کی پروازوں سے فائدہ اٹھاسکیں گے جبکہ فالکن فلائیر کے ممبران السعودیہ کی پروازوں سے مستفیض ہوسکیں گے۔ 

شیئر: