Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیرون ملک ملازمتیں: 'پاکستان کے آئی ٹی ماہرین جلد جاپان میں ہوں گے'

جاپان کے سفیر کونینیوری مستودا نے کہا کہ ’30 ہزار سے زائد پاکستانی جاپان میں کام کر رہے ہیں۔' فائل فوٹو: اے ایف پی
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز زلفی بخاری نے کہا ہے کہ دنیا کے ہر خطے میں پاکستانیوں کو ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے حکومتی کوششیں آخری مراحل میں ہیں۔
زلفی بخاری نے سوموار کو وزارت سمندر پار پاکستانیز میں پاکستانی آئی ٹی ماہرین کو جاپان میں ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ایک آئی ٹی کمپنی کے ساتھ ایم او سی پر دستخط کی تقریب سے خطاب کیا۔
انہوں نے بیرونی ممالک میں نوکریوں کے حوالے سے کہا کہ ’ہماری کوشش ہے کہ صرف ایک خطے یا ملک میں جمع ہونے کے بجائے دنیا کے مختلف ممالک جن میں جاپان سرفہرست ہے، میں اپنے قدم جمائیں تاکہ پاکستانیوں کے لیے بیرون ملک ملازمتوں کے وسیع مواقع پیدا ہو سکیں۔
’اس وقت بھی مختلف ملکوں کے ساتھ بات چیت جاری ہے جس کی تفصیلات جلد سامنے آ جائیں گی۔‘
زلفی بخاری نے جاپان کے حوالے سے کہا کہ ’جاپان میں افرادی قوت بھجوانے کا کوئی میکانزم موجود نہیں تھا۔ اب اس پر کام کر رہے ہیں۔ جاپان میں کمیونٹی ویلفیئر اتاشی بھی تعینات کیا جا رہا ہے۔‘
معاون خصوصی نے کہا کہ ’جاپان میں پاکستانی آئی ٹی ماہرین کو ملازمت کی پیش کش دیگر کئی ممالک سے پہلے ہوئی اور اس سلسلے میں ایم او یو پر دستخط بھی ایسے وقت میں ہوئے، جب جاپان نے کسی دوسرے ملک سے ایسا کوئی ایم او یو نہیں کیا تھا۔ اس حوالے سے جاپان میں پاکستانی سفیر کا کردار بھی اہم رہا ہے۔
زلفی بخاری نے جاپان کی آئی ٹی انڈسٹری کے حوالے سے مزید کہا کہ ’آج کا ایم او سی ان کی وزارت کا سب سے اہم مقصد تھا کیونکہ جاپان آئی ٹی سیکٹر میں بے پناہ مواقع اور پاکستان افرادی قوت رکھتا ہے۔‘
’جاپان میں ہر سال پانچ لاکھ ملازمتیں نکلتی ہیں۔ چاہتے ہیں کہ پاکستانی جاپان بھی ایسے ہی جائیں جیسے وہ عرب ممالک میں جا رہے ہیں۔ جس سے دونوں ملک فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں پاکستان میں جاپان کے سفیر کونینیوری مستودا نے کہا کہ ’30 ہزار سے زائد پاکستانی جاپان میں کام کر رہے ہیں۔ پاکستان میں افرادی قوت بالخصوص آئی ٹی کے شعبہ میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ جاپان پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ نمل سے جاپانی زبان سیکھنے والے آئی ٹی ماہرین جلد جاپان میں ہوں گے۔‘

زلفی بخاری کا کہنا ہے جاپان میں پاکستانی آئی ٹی ماہرین کو ملازمت کی پیش کش دیگر کئی ممالک سے پہلے ہوئی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ایم او سی پر اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن کے ایم ڈی کاشف نور اور آئی ٹی فرم انٹر ایس ای ایس کے چیف ایگزیکٹو ظفر محمود نے دستخط کیے۔
اردو نیوز سے گفتگو میں کاشف نور نے بتایا کہ آئی ٹی پاکستان میں سب سے تیزی سے ترقی کرنے والا سیکٹر ہے۔ پاکستان میں اس وقت پانچ لاکھ آئی ٹی ماہرین موجود ہیں۔ ہماری یونیورسٹیوں سے ہر سال 25 ہزار آئی ٹی ماہر نکل رہے ہیں۔ پاکستانی ڈیجیٹل فری لانسنگ میں تیسرا مقبول ترین ملک بن چکا ہے۔‘

اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن کے ایم ڈی کا کہنا تھا ہماری یونیورسٹیوں سے ہر سال 25 ہزار آئی ٹی ماہر نکل رہے ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے ایم او سی کے حوالے سے کہا کہ آج کی یاداشت جاپان میں پاکستانی ٹیلنٹ کو پروموٹ کرنے اور ملازمتیں دینے والے اداروں کے ساتھ براہ راست رابطے کا موقع فراہم کرے گی۔ تمام متعلقہ اداروں کو بہترین آئی ٹی ماہرین متعارف کرانے کے لیے آن بورڈ لیا جا رہا ہے۔ اس یاداشت کے تحت اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن اپنے آن لائن جاب پورٹل کے ذریعے آئی ٹی ماہرین کی سی ویز اکٹھی کرے گی اور اپنے شراکت دار کے ذریعے جاپان کی آئی ٹی کمپنیوں کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔‘
کاشف نور نے مزید بتایا کہ ’جاپان آئی ٹی کے شعبہ میں ایک لیڈر کی حیثیت رکھتا ہے۔ پاکستانی آئی ٹی ماہرین نہ صرف وہاں پر روزگار حاصل کر سکیں گے بلکہ بہت کچھ سیکھنے کے ساتھ ساتھ جاپان کی ترقی میں اپنا کردار بھی ادا کریں گے۔‘
یاد رہے کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان آئی ٹی ماہرین کو جاپان میں ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے ایم او یو پر پہلے ہی دستخط کیے جا چکے ہیں۔ جس کے تحت اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن آئی ٹی ماہرین کو نمل سے لینگوئج کورس کروا رہی ہے۔

شیئر: