Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کی بگڑتی صورتحال، آسٹریلیا نے انڈیا پر سفری پابندی لگا دی

منگل کو مزید دو ہزار 771 اموات رپورٹ ہونے کے ساتھ انڈیا میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد دو لاکھ تک پہنچنے کی قریب ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق انڈیا نے ملک  میں کورونا وائرس کی خراب صوتحال سے نمٹنے کے لیے فوج کی مدد بھی طلب کی ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں میں انڈیا میں کورونا وائرس کے تین لاکھ 23  ہزار سے زیادہ نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
نئے کیسز کی یہ تعداد دنیا بھر کے تین لاکھ 52 ہزار کیسز سے کچھ ہی کم ہے۔
انڈیا کے ہسپتالوں کو بستروں کے ساتھ آکسیجن کی سپلائی کی کمی سامنا ہے۔
انڈیا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت نے پیر کو کہا ہے کہ مسلح افواج کے ذخائر سے ہسپتالوں کو آکسیجن مہیا کی جائے گی اور کورونا وائرس سے نبردآزما ہسپتالوں میں ریٹائرڈ میڈیکل عملہ اپنی خدمات پیش کرے گا۔
دوسری جانب کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کی وجہ آسٹریلیا نے بھی انڈیا کے ساتھ فضائی رابطہ عارضی طور پر معطل کیا ہے۔
آسٹریلیا کے وزیراعظم سکاٹ موریسن نے کہا ہے کہ فضائی سفر پر پابندی کم از کم 15 مئی تک برقرار رہے گی۔

بیرون ملک سے امداد پہنچنا شروع

برطانیہ سے انڈیا کے لیے کورونا وائرس کے طبی سامان کی پہلی کھیپ منگل کو پہنچ گئی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق انڈین وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اس کھیپ میں سو وینٹی لیٹرز اور 95 آکسیجن کنسنٹریٹرز شامل ہیں۔
انڈین وزارت خارجہ کے ترجمان آرندم باغچی نے نئی دہلی میں جرمنی کے جہاز لفتھانزا سے طبی آلات اتارنے کی تصاویر ٹویٹ کیں۔
برطانیہ بھی ان ممالک میں شامل ہے جس نے انڈیا کو مدد کی پیشکش کی۔
برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق رواں ہفتے نو طیاروں میں، 495 آکسیجن کنسٹریٹرز، 120 نان انویسو وینٹی لیٹرز اور 20 مینوئل وینٹی لیٹرز بھیجے جائیں گے۔

انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق امریکہ نے بھی انڈیا کو مدد کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ چند روز میں آکسیجن سمیت طبی آلات انڈیا کو بھیجے جائیں گے۔
انڈیا کورونا وائرس کی دوسری لہر کی وجہ سے شدید متاثر ہوا ہے۔ کورونا وائرس کے نئے کیسز کی آنے کی وجہ سے ہسپتالوں میں بھی مریضوں کے لیے جگہ کم پڑ گئی ہے۔
اس کے ساتھ انڈین ہسپتالوں کو آکسیجن اور دوائیوں کی قلت کا سامنا ہے۔
انڈیا میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد ایک کروڑ 73 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک 95 ہزار سے زیادہ ہے۔
دوسری جانب دہلی ہائی کورٹ ججز، جوڈیشل افسران اور ان کے خاندانوں کے علاج کے لیے ایک فائیو سٹار ہوٹل کو منتخب کیا گیا ہے جس کو بطور کورونا وائرس کیئر سینٹر استعمال کیا جائے گا۔
چانکیاپوری سب ڈویژنل میجسٹریٹ گیتا گروور نے ایک حکم نامے کے ذریعے کہا ہے کہ پرائمس ہسپتال کی جانب سے ججز، جوڈیشل افسران اور ان کے خاندانوں کو طبی خدمات دے گا۔
صرف دہلی میں پیر کو 380 افراد کورونا کی وبا سے ہلاک ہوئے اور 20 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

شیئر: