Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں کورونا کی صورتحال انتہائی دلخراش ہے، عالمی ادارہ صحت

انڈیا کے شمشان گھاٹوں میں مسلسل چتائیں جل رہی ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کہا ہے کہ انڈیا میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال انتہائی دلخراش ہے۔ 
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارے عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیدروس ادھانوم نے انڈیا میں وائرس کی صورتحال کو انتہائی دلخراش قرار دیتے ہوئے کہا کہ انڈیا کی ہر ممکن مدد کر رہے ہیں۔
انہوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارہ صحت صورتحال پر قابو پانے کے لیے انڈیا کی ہر قسم کی مدد کر رہا ہے۔
’ہزاروں کی تعداد میں آکسیجن سپلائیز، موبائل ہسپتال اور دیگر طبی سامان بھجوایا گیا ہے۔‘
اس سے پہلے عالمی ادارہ صحت نے کہا تھا کہ پولیو اور ٹی بی سمیت مختلف پروگراموں میں کام کرنے والے دو ہزار 600 ماہرین کو انڈیا منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ وبا سے نمٹنے کے لیے انڈین ماہرین صحت کے ساتھ کام کریں۔
انڈیا میں گذشتہ چار دنوں سے یومیہ تین لاکھ سے زیادہ کورونا کیسز سامنے آرہے ہیں۔ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ’اتوار کو ساڑھے تین لاکھ کے لگ بھگ مثبت کیسز رپورٹ ہوئے جو ایک ریکارڈ ہے۔‘
ایک ارب 30 کروڑ آبادی کے ملک میں کورونا کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے۔ دارالحکومت دہلی میں صورت حال انتہائی ابتر ہے۔
سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شہروں میں میتوں کی آخری رسومات عارضی طور پر قائم شمشان گھاٹوں میں اجتماعی طور پر ادا کی جارہی ہیں۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی نے مشرقی ریاست بہار میں تین طبی کارکنان کی تصویر دکھائی جو سٹریچرز کی قلت کے باعث ایک لاش کو جلانے کے لیے زمین پر گھسیٹتے ہوئے لے جا رہے تھے۔
 وزیراعلیٰ نے دہلی میں ایک ہفتے کے لیے لاک ڈاؤن میں توسیع کا اعلان کیا ہے جو اب تین مئی تک جاری رہے گا۔

شیئر: