Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عورتوں اور مردوں پر مشتمل چار رکنی چور گروہ گرفتار

پراسیکیوشن میں مزید تحقیقات کے بعد مقدمہ عدالت کو بھیجا جائے گا (فوٹو: ٹوئٹر)
ریاض پولیس ترجمان میجرخالد الکریدیس کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کی ٹیموں نے مختلف شہروں میں چوری کی وارداتیں کرنے والے چار رکنی گروہ کو گرفتار کیا ہے۔
گروہ دو مردوں اور دو عورتوں پر مشتمل ہے، یہ لوگ سونے کی دکانوں میں گھس کر بڑی مہارت سے زیورات چراتے تھے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے ریجنل پولیس ترجمان کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ ’چاروں ملزم سعودی ہیں جن کی عمریں 30 سے 40 برس کے درمیان ہیں۔‘

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزموں نے چوری کی 47 وارداتیں کی ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)

معلومات کے مطابق گرفتار ہونے والے افراد عادی مجرم ہیں، پولیس کے پاس ان کا سابقہ ریکارڈ بھی موجود ہے۔ ملزموں نے ریاض ، مکہ، حائل ، قصیم اور مشرقی ریجن میں چوری کی 47 وارداتیں کیں۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ’گروہ کے ارکان منظم انداز میں کارروائی کرتے تھے، وہ سونے کے زیورات فروخت کرنے والی دکان میں گھستے اور دکانداروں کو باتوں میں لگاتے، اسی اثنا میں عورتیں سونے کے سیٹ اپنے برقعوں میں چھپا لیا کرتی تھیں۔‘
پولیس کو ملزموں کے زیر استعمال رہنے والی گاڑی بھی مل گئی ہے جس کی نمبر پلیٹ انہوں نے تبدیل کردی تھی جبکہ گروہ کے قبضے سے نشہ آوراشیا بھی برآمد ہوئیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم سونے کے زیورات چرا کرانہیں دوسرے شہروں میں جا کر فروخت کیا کرتے تھے۔ مسروقہ زیورات کی مالیت تین لاکھ ریال بتائی جاتی ہے۔
ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کا کیس پراسیکیوشن جنرل کے ادارے کو ارسال کردیا گیا ہے جہاں تحقیقات مکمل کیے جانے کے بعد چالان فوج داری عدالت میں بھیجا جائے گا۔

شیئر: