Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی اور مراکشی وزرائے خارجہ کی ورچوئل ملاقات

فلسطینی علاقوں کی صورتحال ، مشرق وسطی میں قیام امن پر تبادلہ خیال کیا گیا( فوٹو ٹوئٹر)
 سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور مراکشی وزیر خارجہ ناصر بوریطۃ نے منگل کو ورچوئل ملاقات کی ہے۔
مراکشی دفتر خارجہ نے بیان میں کہا کہ دونوں وزرا نے فلسطینی علاقوں کی تازہ صورتحال ، مشرق وسطی میں قیام امن کی کوشش اور یمن و لیبیا کی صورتحال سمیت تمام علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال، مشاورت اور یکجہتی کی۔
مسئلہ فلسطین سے متعلق دونوں وزرا نے کہا کہ امن عمل کے جمود کو توڑنے کے لیے جدوجہد تیز کرنا ہوگی جبکہ عالمی برادری کے یہاں متفقہ دو ریاستی حل کی بنیاد پر فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لیے نئی حکمت عملی اپنانا ہوگی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ سعودی وزیر خارجہ نے القدس کمیٹی کے سربراہ شاہ محمد السادس کی ان کوششوں کو سراہا جو وہ القدس کے دفاع، اس کے باشندوں کی مدد اور القدس بیت المال کے استحکام کے حوالے سے کررہے ہیں۔ 
دونوں ملکوں کے وزرا نے فلسطینی کاز کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بیت المقدس کی کثیر مذہبی خاصیت کو کسی طرح کا نقصان نہ پہنچایا جائے اور اس کی قانونی پوزیشن کا تحفظ کیا جائے۔ 
مراکش نے یمنی بحران کے حل کے لیے سعودی اقدام کی حمایت اور اپنی سرحدوں کی حفاظت کے حوالے سے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

شیئر: