Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ میں 18 سال قبل آنے والے سیلاب کی یاد تازہ

سیلابی صورت حال کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں (فوٹو: اخبار 24)
سعودی عرب کے شہر مکہ میں ہونے والی طوفانی بارش سے آنے والے سیلاب نے 18 سال پہلے آنے والے سیلاب کی یاد تازہ کردی۔ متعدد مقامی شہری اور مقیم غیرملکی گاڑیوں سمیت سیلاب میں پھنسے رہے۔
اخبار 24 کے مطابق سیلابی صورت حال کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔ سڑکوں پر کھڑی گاڑیاں اور سیلاب میں بہہ کر آنے والی گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں۔ 
 ویڈیو کلپس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کئی لوگ سڑک پر پانی میں کھڑی گاڑیوں میں بیٹھے ہوئے ہیں جبکہ ہر طرف سیلابی پانی تیزی کے ساتھ بہہ رہا ہے۔ 
یاد رہے کہ منگل کو تین گھنٹے تک بارش ہوتی رہی جس سے مختلف علاقوں میں سیلابی صورت حال دیکھنے میں آئی اور متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔
مکہ بلدیاتی کونسل نے بدھ کو اجلاس کے دوران شہر میں آنے والے سیلاب اور بارش سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا ہے۔ 
بلدیاتی کونسل کے حکام کا کہنا ہے کہ منگل کو مقدس شہر میں جو سیلاب آیا اس نے 18 برس قبل آنے والے سیلاب کی یاد تازہ کردی۔  پہلے بھی 15 رمضان کو سیلاب آیا تھا اور اس بار بھی رمضان کی پندرہ تاریخ تھی۔
العتیبیہ، الظاہر اور النزھہ محلوں میں نکاسی آب کا نیٹ ورک سیلاب کے پانی کے اخراج میں ناکام ثابت ہوا۔ اٹھارہ برس قبل بھی سیلاب سے بھاری نقصان ہوا تھا اور اب بھی ایسا ہی ہوا ہے۔

شیئر: