Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب: شکایات پر سفیر سمیت سفارتخانے کے چھ اہلکاروں کو واپس بلانے کا حکم

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حال ہی میں واپس آنے والے سفیر راجا علی اعجاز کے حوالے سے انکوائری کی جا رہی ہے (فوٹو: عرب نیوز)
پاکستان کے دفتر خارجہ نے جمعرات کو تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی شکایت کے بعد پاکستان کے سابق سفیر راجا علی اعجاز کی واپسی کے بعد سفارت خانے کے چھ اہلکاروں کو بھی واپس بلانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے اسلام آباد میں بریفنگ کے دوران  ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ریاض میں پاکستانی سفارت خانے کے خلاف شکایات کے بعد وزیراعظم کی جانب سے انکوائری کا حکم دیا گیا اور اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو انتہائی اہمیت کی نظر سے دیکھتی ہے اور وہ پاکستان کا بڑا اثاثہ ہیں۔ ملک کی ترقی میں ان کا کردار ناقابل تردید ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کے حوالے سے خدمات کی فراہمی میں کوتاہی بالکل برداشت نہیں کی جائے گی۔
’وزیرخارجہ خود تمام سفارتی مشنز کی نگرانی کرتے ہیں تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کو خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔‘
اس حوالے سے موقف جاننے کے لیے اردو نیوز نے  سعودی عرب میں سابق سفیر راجہ اعجاز سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ اس حوالے سے ہونے والی انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہوں گے۔
اس ایشو کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ اس حوالے سے اپنا موقف کمیٹی کے سامنے پیش کریں گے۔ 
اردو نیوز کو ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پاکستانی سفارت خانے کے اہلکاروں کے خلاف متعدد شکایات وزیراعظم کے سیٹیزن پورٹل پر موصول ہوئی تھیں۔ چند پاکستانیوں نے یہ بھی شکایت کی تھی کے سفارت خانے کے اہلکار خدمات کے عوض رشوت طلب کرتے ہیں۔
اس سے قبل جمعرات کو ہی اسلام آباد میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستان کے سفارت خانے میں موجود عملے کے خلاف شکایت آئی ہے جس پر زیادہ تر عملے کو واپس بلایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’مجھے پتا چلا  کہ سعودی عرب میں ہمارے سفارت خانے نے پاکستانی کمیونٹی کا جتنا خیال رکھنا چاہئے تھا وہ نہیں رکھا۔‘
وزیراعظم عمران خان کے مطابق اس پر انہوں نے مکمل انکوائری کروائی ہے اور سفیر کے حوالے سے انکوائری کی جا رہی ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق واپس بلائے جانے والے اہلکاروں کا تعلق شعبہ سفارت کاری، کمیونٹی ویلفئیر اور قونصلر سیکشن سے ہے۔

شیئر: