Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اللیث کے ساحلوں پر فلیمنگو کے جھنڈ، پانیوں میں گلابی رنگ بکھر گیا

گریٹر فلیمنگو کو مقامی زبان میں ’الفنتیر‘ کہا جاتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
اللیث کمشنری میں بحیرۂ احمر کے ساحلی مقامات پر گریٹر فلیمنگو کے جھنڈ نظر آ رہے ہیں جس سے ساحلی پانیوں میں گلابی رنگت بکھری ہوئی ہے۔
یہ پرندے ساحل کے قریب پانیوں میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں جس سے تفریحی مقامات کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہو گیا۔
لمبی گردن اور گلابی رنگت کے حامل یہ پرندے ساحل کے قریب گروپس کی صورت میں خوراک کی تلاش میں دکھائی دیتے ہیں۔ کئی پرندوں کو ایک ہی وقت میں پانی سے اڑتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔
ایس پی اے کے مطابق کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی کے شعبہ ماحولیاتی علوم کے ڈاکٹر خالد عسیری نے بتایا کہ گریٹر فلیمنگو جسے مقامی زبان میں ’الفنتیر‘ کہا جاتا ہے، کا شمار نقل مکانی کرنے والے پرندوں میں ہوتا ہے۔
یہ  بحیرۂ احمر کے ساحلوں کا رخ کرتے ہیں۔ موسمِ خزاں اور سرما میں نقل مکانی کر کے آنے والے ان پرندوں کی تعداد میں بھی غیرمعمولی اضافہ ہو جاتا ہے۔ کچھ پرندے سال کے زیادہ عرصے تک اس علاقے میں قیام کرتے ہیں۔

ڈاکٹر خالد عسیری نے وضاحت کی مد و جزر کے باعث اللیث ساحل کے کم گہرے اور کیچڑ والے میدان نمایاں ہو جاتے ہیں جہاں فلیمنگو کو خوراک تلاش کرنے میں آسانی ہوتی ہے۔
یہ پرندے اپنی مڑی ہوئی چونچ کے ذریعے پانی اور کیچڑ سے چھوٹے چھوٹے آبی جانور، جھینگے نما جاندار اور کائی وغیرہ کو چھان کر کھاتے ہیں۔

 فلیمنگو سماجی مزاج پرندہ ہے، یہ گروہ کی شکل میں رہتے ہیں اور ایسے مقامات پر بڑی تعداد میں آتے ہیں جہاں انہیں بآسانی خوراک دستیاب ہو سکتی ہو۔
ڈاکٹر عسیری ساحلی مقامات کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا جنہیں نقل مکانی کرنے والے پرندے خوراک کی تلاش اور آرام کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

 

شیئر: