Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عسیر کی السودہ آبشار عالمی اہمیت کی حامل آبی زمینوں کی فہرست میں شامل

آبشار سطح سمندر سے 2 ہزار 400 میٹر بلندی پر واقع ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے نیشنل سینٹر فار وائلڈ لائف اور السودہ ڈیویلمپنٹ نے عسیر ریجن میں واقع السودہ آبشار کو بین الاقوامی اہمیت کے آبی ذخائر کی ’رامسار فہرست‘ میں شامل کیے جانے کا اعلان کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق السودہ آبشار مملکت کا دوسرا مقام  ہے جسے ’رامسار‘ فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ اقدام ماحولیاتی نظام کے تحفظ، حیاتیاتی تنوع کے بچاؤ اور قدرتی وسائل کے پائیدار وسائل کے استعمال کو فروغ دینے کی کوششوں کا عکاس ہے۔
السودہ آبشار سطح سمندر سے دو ہزار 400 میٹر سے زائد بلندی پر واقع ہے اور یہ سعودی عرب کی چند نایاب مستقل پہاڑی آبشاروں میں سے ایک ہے جو سارا سال بہتی ہے۔
مقامی طور پر اسے ’وادی العزیزہ‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ یہ تقریباً 30 ہیکٹر رقبے پر پھیلی ہوئی ہے جبکہ اس کا چٹانی نشیب والا رقبہ تقریباً 600 میٹرطویل ہے جہاں قدرتی چشمے، مستقل آبی تالاب اور وادیوں کے کناروں پر درختوں اور سبزہ زاروں میں گھرے خوبصورت مقامات موجود ہیں۔
 یہ مقام اپنے منفرد جغرافیائی محل وقوع کے باعث بھی ماحولیاتی اہمیت کا حامل ہے جہاں قدیم استوائی اور افریقی استوائی نباتاتی خطے آپس میں ملتے ہیں۔ یہاں حیاتیاتی تنوع میں اضافہ ہوا ہے اور نایاب و مقامی پودوں اور جنگلی حیات کی متعدد اقسام پائی جاتی ہیں۔

السودہ آبشار قدرتی اہمیت کے ساتھ ساتھ تاریخی اور ثقافتی ورثے کی بھی حامل ہے۔ اس کے قریب تاریخی محلات ’ابوسراح‘ واقع ہیں جن کی تاریخی ایک ہزار برس سے بھی پرانی ہے جبکہ اطراف کی ڈھلوانوں پر روایتی زرعی سیڑھی دار کھیت مقامی آبادی کی قدیم کاشت کاری اور قدرتی وسائل کے تحفظ کی روایات کی عکاسی کرتے ہیں۔
ایک عالمی رپورٹ کے مطابق دنیا میں تقریباً 40 فیصد نباتات اور حیوانات کی انواع آبی اراضی میں رہتی یا افزائشِ نسل کرتی ہے۔ یہ علاقے پانی کے معیار کو بہتر بنانے، سیلاب کے اثرات کو کم کرنے اور کاربن ذخیرہ کرنے اور ماحولیاتی نظام کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
دنیا بھر میں تقریباً ایک ارب سے زائد افراد کا روزگار بھی ان آبی اراضی والے علاقوں سے وابستہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر آبی اراضی کو شدید ماحولیاتی خطرات لاحق ہیں۔ تخمینے کے مطابق سال 1970 سے اب تک 41 کروڑ 10 لاکھ ہیکٹر آبی اراضی ختم ہو چکی ہے جبکہ ان علاقوں سے وابستہ 25 فیصد سے زیادہ انواع کو معدومی کا خطرہ بھی لاحق ہے۔
 السودہ آبشار کو رامسار فہرست میں شامل کرنا مملکت کی جانب سے قدرتی ماحول، حیاتیاتی تنوع اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہے جو سعودی وژن 2030 کے ماحولیاتی استحکام کے اہداف سے ہم آہنگ ہے۔

 

شیئر: