اسرائیل کے نگران وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو اور ان کے حریف گادی آئزن کوٹ کی جماعتوں کے درمیان ممکنہ مخلوط حکومت کے قیام کے حوالے سے کوئی معاہدہ طے نہیں پا سکا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اتوار کو دونوں پارٹیز کے رہنماؤں میں مذاکرات کا ایک اور دور ہوا تھا جبکہ پچھلے اتوار کو مذاکرات کا پہلا دور ہوا منعقد تھا۔
مخلوط حکومت کی تشکیل کے لیے فریقین کی جانب سے ایک دوسرے کو کچھ رعاتیں دینا ضروری ہو گا۔
مزید پڑھیں
دونوں پارٹیوں کے وفود نے تل ابیب کے قریب ایک ہوٹل میں چار گھنٹے تک ملاقات کی۔
دونوں جماعتوں کی جانب سے جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’مخلوط حکومت کی تشکیل سے متعلق بات چیت کا دور اختتام پذیر ہو گیا ہے، فریقین نے اہم معاملات پر اپنے اپنے موقف کو واضح کیا اور ان پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔‘
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وفود کے درمیان ایک اور ملاقات بھی ہو گی تاہم اس کی تاریخ یا دیگر تفصیلات کے بارے میں نہیں بتایا گیا۔
سابق آرمی افسر گادی آئزن کوٹ کے پاس حکومت تشکیل دینے کے لیے چھ دسمبر تک کا وقت ہے جس میں 14 دن کی توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔ یہ صورتحال اکتوبر میں ہونے والے انتخابات کے بعد پیدا ہوئی ہے جن میں کسی بھی فریق کو واضح اکثریت حاصل نہیں ہو سکی تھی۔
ان کا 48 اراکین پر مشتمل بلاک، جسے اکثریت حاصل کرنے کے لیے 61 قانون سازوں کی حمایت درکار ہے، اس بات پر منقسم ہے کہ آیا انتہائی قدامت پسند یہودی جماعتوں کے ساتھ اتحاد کیا جائے، عرب جماعتوں کے ساتھ مفاہمت کی جائے یا پھر لیکوڈ پارٹی کے ساتھ مل کر قومی حکومت تشکیل دی جائے۔

دوسری جانب بنیامین نیتن یاہو ایک قومی اتحاد کی حکومت پر زور دے رہے ہیں اور اس صورت میں وزارت عظمیٰ دونوں کو باری باری مل سکتی ہے۔ یہ طریقہ کار اسرائیل میں پہلے ہی آزمایا جا چکا ہے۔
اگر ایسا ہوتا ہے تو نیتن یاہو کو بدعنوانی کے الزامات کے خلاف اپنا سیاسی اثر و رسوخ برقرار رکھنے میں مدد مل سکتی ہے جبکہ وہ سات اکتوبر کو حماس کے حملے سے قبل سکیورٹی کی ناکامی کے بارے میں انکوائری کے لیے آزاد کمیشن کے قیام کی مخالفت بھی جاری رکھ سکتے ہیں۔
تاہم یہ صورت حال آئزن کوٹ کی اس مہم کے خلاف دکھائی دیتی ہے جو انہوں نے انتخابات کے دوران بنیامین نتین یاہو کے خلاف چلائی تھی۔
آئزن کوٹ کے اتحادی نفتالی بینیٹ جو ایک سابق وزیراعظم ہیں، نے بھی سنیچر کو ایک بیان میں ’کسی بھی صورت میں نیتن یاہو بلاک کے ساتھ اتحاد میں شامل‘ ہونے سے انکار کا عزم دوہرایا تھا۔













