Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بہاولپور: ’آن لائن محبت‘ میں پاکستان آنے والی فلپائنی خاتون پر مبینہ تشدد، جنہیں ایک کال نے بچایا

فلپائنی خاتون نے 10 ماہ قبل پاکستان آ کر سمہ سٹہ کے رہائشی محمد سکندر سے شادی کی تھی (فوٹو: زین العابدین)
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر بہاولپور میں آن لائن محبت کے بعد پاکستانی شہری سے شادی کرنے والی فلپائنی خاتون کو مبینہ گھریلو تشدد کے بعد مقامی لوگوں اور وکیلوں نے قانونی مدد فراہم کی۔
مقامی وکیلوں نے مل کر پولیس کی مدد سے انہیں عدالت میں پیش کیا جہاں خاتون نے شیلٹر ہوم بھیجنے کی درخواست کی۔ عدالت نے انہیں دارالامان منتقل کرنے کا حکم دیا جبکہ بعد میں فلپائن کے قونصلر حکام نے انہیں اپنی تحویل میں لے لیا۔
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب وکیل زین العابدین کو دبئی سے خاتون کے رشتہ دار یا دوست کی فون کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ سمہ سٹہ کے دیہی علاقے میں ایک فلپائنی خاتون مشکل حالات سے دوچار ہیں اور انہیں مدد کی ضرورت ہے۔
زین العابدین کے مطابق ابتدائی معلومات میں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ خاتون نے قریباً 20 سے 25 روز قبل گھر سے نکلنے کی کوشش کی تاہم پولیس ان کو واپس لے گئی تھی۔
زین العابدین نے اردو نیوز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دوبارہ اطلاع ملنے کے بعد انہوں نے معاملے کو سنجیدگی سے لیا اور پولیس، انسانی حقوق کے نمائندوں، میڈیا اور فلپائن کے سفارتی حکام سے رابطے شروع کیے۔
’ہماری کوشش تھی کہ خاتون کو محفوظ ماحول فراہم کیا جائے، ان کا آزادانہ بیان ریکارڈ ہو اور انہیں کسی بھی قسم کے دباؤ یا تشدد سے تحفظ دیا جائے۔‘
بہاولپور کے تھانہ سمہ سٹہ میں زویا بی بی کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق خاتون نے بتایا کہ ان کی شادی قریباً 10 ماہ قبل محمد سکندر نامی شخص سے ہوئی تھی۔ ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ شوہر انہیں موبائل فون استعمال کرنے سے روکتا تھا، ان پر شک کرتا اور مبینہ طور پر تشدد کرتا تھا۔

فلپائنی خاتون کا اصل نام جوزلن ہے تاہم شادی کے بعد انہیں زویا کا نام دیا گیا (فوٹو: زین العابدین)

خاتون کی جانب سے پولیس کو دیے گئے بیان میں کہا گیا کہ ’10 نومبر کی صبح ان کے شوہر ان کے موبائل فون پر کوڈ لگا رہے تھے جس پر انہوں نے منع کیا تو شوہر نے انہیں تھپڑ مارے اور جب وہ گھر سے باہر جانے لگیں تو شوہر اور سسر نے انہیں روکنے کی کوشش کی اور بھاگنے کی کوشش میں گر گئیں۔‘
مقدمے کے متن کے مطابق اس کے بعد شوہر اور سسر نے مبینہ طور پر خاتون کو تھپڑ اور مکے مارے جبکہ شوہر نے بالوں سے پکڑ کر گھسیٹا۔ بعدازاں وہ نکلنے میں کامیاب ہوئیں اور پولیس کو اطلاع دی۔
وکیل زین العابدین کے مطابق خاتون کا اصل نام جوزلن ہے تاہم شادی کے بعد انہیں زویا کے نام سے پکارا جانے لگا۔ ’خاتون دبئی سے پاکستان آئی تھیں اور اس سے قبل قریباً ایک سال ہانگ کانگ جبکہ دو سال متحدہ عرب امارات میں مقیم رہیں۔‘
ان کے مطابق ’فلپائنی خاتون نے بتایا کہ ان کا سوشل میڈیا پر اس شخص سے رابطہ قائم ہوا تھا جس کے بعد انہوں نے پاکستان آ کر ان سے شادی کی اور 10 ماہ سے اسی شخص کے ساتھ گھر پر مقیم تھیں۔‘
پولیس نے خاتون کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد انہیں عدالت میں پیش کیا جہاں مجسٹریٹ کو دی گئی درخواست میں خاتون نے شیلٹر ہوم بھیجے جانے کی التجا کی۔ عدالت نے خاتون کو دارالامان بہاولپور منتقل کرنے کا فیصلہ کیا جہاں انہیں محفوظ رہائش فراہم کی گئی۔

پولیس نے فلپائنی خاتون کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد عدالت میں پیش کیا (فائل فوٹو: روئٹرز)

وکیل زین العابدین نے بتایا کہ پچھلے ہفتے فلپائن کے قونصلر حکام دارالامان بہاولپور پہنچے اور خاتون کو اپنی تحویل میں لیا۔ ان کے مطابق اب خاتون کی خواہش ہے کہ وہ بحفاظت اپنے وطن فلپائن واپس جائیں۔
زین العابدین اس حوالے سے اپنے سوشل میڈیا پر ویڈیوز بھی پوسٹ کر چکے ہیں جس پر بظاہر فلپائن سے تعلق رکھنے والے بے شمار اکاؤنٹس ان کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔
اس بارے میں انہوں نے بتایا کہ ’ان کے خاندان اور فلپائنی کمیونٹی کے افراد کی جانب سے دعائیں اور نیک خواہشات موصول ہو رہی ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ خاتون محفوظ رہیں اور جلد اپنے وطن اور خاندان کے پاس واپس پہنچیں۔‘
وکیل کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں لاہور میں فلپائن کے قونصلر حکام، اسلام آباد میں فلپائن کے سفارتخانے، مقامی پولیس، متعلقہ انتظامی حکام، ویمن ہیلپ ڈیسک اور انسانی حقوق کے نمائندوں سے رابطہ کیا گیا تھا۔

شیئر: