Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’انسان دوستی کا شکریہ‘ آکسیجن بھجوانے پر انڈین عوام کا سعودی عرب کو خراج تحسین

کورونا کی تیسری لہر نے انڈیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب کی جانب سے آٹھ میٹرک ٹن مائع آکسیجن بجھوائے جانے کے بعد جہاں کورونا کے باعث مخدوش ترین صورت حال سے دوچار انڈیا نے سکھ کا سانس لیا ہے وہیں اس کے رہائشی سعودی عرب کو خراج تحسین بھی پیش کر رہے ہیں۔
جمعرات کے روز پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا کے علاوہ سوشل میڈیا پر بھی عام لوگ مشکل کی اس گھڑی میں ساتھ دینے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے رہے۔
اسی طرح پرنٹ میڈیا میں متعدد مسلم رہنماؤں کے بیانات شائع ہوئے جنہوں نے سعودی عرب کے جذبے کو سراہا۔ اس وقت انڈیا میں کورونا کے باعث انتہائی خراب صورت حال ہے اور وہاں آکسیجن کی بہت زیادہ کمی محسوس کی جا رہی تھی۔
انڈین میڈیا میں سامنے آنے والی خبروں اور بیانات میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کے لیے تعظیمی جذبات کا اظہار کیا گیا اور دعائیں دی گئیں۔
میڈیا میں سامنے آنے والے پیغامات میں سے ایک میں کہا گیا ہے کہ ’اس انسان دوستی کا شکریہ، یہ اقدام پوری دنیا میں اسلام اور انسانیت کی خدمت میں ایک سرکردہ ملک کی حیثیت سے سعودی عرب کا عکاس ہے۔‘

آل انڈیا سائنٹفک کونسل کے سیکریٹری جنلر ڈاکٹر منظور عالم، انڈیا میں سعودی یونیورسٹی گریجویٹ ایسوسی ایشن کے سکریٹری جنرل اور توحید ایجوکیشن ایسوسی ایشن کے چیئرمین ڈاکٹر عثیر احمد ال قاسمی، سنٹرل انڈیا سکالرز ایسوسی ایشن کے صدر اور محمد رحمانی، فخرالدین میموریل فاؤنڈیشن کے صدر شبیر احمد نقشبندی، ملیبار اسلامک یونیورسٹی کے صدر محمد حسین سمیت بے شمار شخصیات کی جانب سے سعودی عرب کے لیے نیک جذبات کا اظہا کیا گیا۔
انڈیا میں کورونا کی بگڑتی صورت حال پر سعودی عرب نے 25 اپریل کو 80 میٹرک ٹن مائع آکسیجن انڈیا بھیجی تھی۔ عرب نیوز کے مطابق  ہندوستان کے لیے آکسیجن گیس کی فوری فراہمی کی کھیپ انڈیا کے اڈانی گروپ اور لائنڈ کمپنی کے ساتھ ہم آہنگی کے تحت کی جا رہی ہے۔
انڈیا میں جمعرات کو کورونا وائرس کے باعث تین ہزار 645 اموات ریکارڈ کی گئیں تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اصل تعداد اس سے زیادہ ہے۔

انڈیا میں اب تک دو لاکھ چار ہزار 832 اموات ہو چکی ہیں۔  گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تین لاکھ 80 ہزار نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں قائم انڈین سفارتخانے کی جانب سے اڈانی گروپ اور میسرز لائنڈ کے تعاون سے 80 ٹن مائع آکسیجن گیس انڈیا بھیجے جانے پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔

شیئر: