Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کے باوجود پاکستانی مزدوروں کی بیرون ملک طلب سب سے زیادہ

2011 سے اب تک مجموعی طور پر 60 لاکھ 80 ہزار افراد نے بیرونی ممالک کا رخ کیا (فوٹو: روئٹرز)
آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں مزدوروں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ پاکستانی مزدور اپنی محنت، جفاکشی اور مستقل مزاجی کی وجہ سے دنیا بھر بالخصوص خلیجی ممالک میں اپنا لوہا منوا رہے ہیں۔
وزارت سمندر پار پاکستانیز کے اعداد و شمار کے مطابق 86 لاکھ پاکستانی دنیا کے مختلف ممالک میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں جن میں 43 فیصد کے قریب مزدور اور محنت کش ہیں۔
سنہ 2011 سے اب تک مجموعی طور پر 60 لاکھ 80 ہزار افراد نے بیرونی ممالک کا رخ کیا۔ جن میں سے 23 لاکھ مزدور کے ویزے پر بیرون ملک گئے۔
یہ تو وہ افراد ہیں جن کو مزدور کی کیٹگری کا ویزہ ملا اگر مہارت کے معیار کے مطابق دیکھا جائے تو ہنر مند، نیم ہنر مند اور غیر ہنر مند افراد بھی مزدوروں میں ہی شمار ہوتے ہیں جن کی تعداد مجموعی تعداد کا 70 فیصد سے بھی زائد بنتی ہے۔
عالمی لیبر مارکیٹ کی رپورٹس کا جائزہ لیا جائے تو گذشتہ کئی سالوں سے پاکستان سے جن 10 شعبوں میں افرادی قوت کا مطالبہ کیا جاتا ہے ان میں مزدور سرفہرست ہیں۔
سال 2019 اور 20 کا تقابلی جائزہ لیں تو کورونا اور سفری پابندیوں کی وجہ سے بیرون ملک جانے والے افراد میں سے مزدوروں کی تعداد میں 60 فیصد کمی آنے کے باوجود بھی مزدوروں کی طلب سب سے زیادہ رہی ہے۔

2020 میں بیرون ملک جانے والے دو لاکھ 25 ہزار افراد سے 95 ہزار کا تعلق لیبر کلاس سے تھا (فوٹو: اے ایف پی)

2019 میں مجموعی طور پر چھ لاکھ 25 ہزار پاکستانی بیرون ملک گئے،  جن میں دو لاکھ 43 ہزار مزدور تھے جبکہ 2020 میں دو لاکھ 25 ہزار افراد بیرون ملک جا سکے جن میں سے 95 ہزار کا تعلق لیبر کلاس سے تھا۔
یہی وجہ ہے کہ عالمی یوم مزدور پر صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کے خصوصی پیغامات بیرون ملک پاکستانی سفارت خانوں کو بھی بھجوائے گئے ہیں۔
ان پیغامات میں صدر مملکت اور وزیر اعظم نے جہاں ملک کے اندر پاکستانی مزدوروں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے وہیں بیرون ملک مقیم محنت کشوں کو بھی سراہا ہے۔
پاکستانی قیادت نے عالمی مارکیٹ میں ملازمتوں کے حصول میں مزید کامیابیاں حاصل کرنے اور پاکستان میں محنت کشوں کو ہنر مند بنانے کے لیے بین الاقوامی معیار کی تکنییکی تربیت فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

شیئر: