Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا وائرس، مزید اٹھارہ مساجد عارضی طور پر بند

بند کی جانے والی مساجد کو سینیٹائزنگ کے بعد دوبارہ کھولا جائے گا۔(فوٹو العربیہ)
سعودی وزارت اسلامی امور نے مملکت کے پانچ شہروں کی مزید 18 مساجد میں کورونا کیسز کی تصدیق ہونے پر انہیں عارضی طورپر بند کیا ہے۔
بند کی جانے والی مساجد کو سینیٹائزنگ کے بعد دوبارہ کھولا جائے گا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اب تک مملکت میں 961 مساجد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد انہیں عارضی طورپر بند کرنے کے بعد مکمل سینیٹائزنگ کی گئی جن میں سے 921 مساجد کو نمازیوں کے لیے کھولا جاچکا ہے۔
جن پانچ شہروں میں مساجد کو ہفتے کے روز سینیٹائزنگ کےلیے بند کیا گیا ہے ان میں آٹھ مساجد ریاض، چار قصیم ، تین جازان ، دو مدینہ منورہ اور ایک مسجد مشرقی ریجن میں ہے۔ 
واضح رہے وزارت اسلامی امور کی جانب سے مملکت کے تمام شہروں اورقصبوں میں مساجد کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ کورونا کیس کی تصدیق ہونے پرفوری طورپر وزارت کے متعلقہ شعبے کو مطلع کیاجائے تاکہ متاثرہ مسجد کو مکمل طورپر سینیٹائز کرکے اسے دیگر نمازیوں کےلیے محفوظ بنایاجاسکے۔ 
وزارت اسلامی امور نے مساجد میں نماز باجماعت کےلیے آنے والوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ ضوابط کی پابندی کریں جن میں ماسک کا استعمال اور صفوں کے درمیان سماجی فاصلے کا اہتمام اہم ہے۔
علاوہ ازیں نمازکے لیے آنے والوں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی جائے نمازیں ہمراہ لائیں تاکہ کورونا وائرس سے محفوظ رہا جاسکے۔ 

شیئر: