Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر ریاض پہنچ گئے

پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ منگل کو سرکاری دورے پر ریاض پہنچے ہیں۔
ریاض پہنچنے پر پاکستان کے سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) بلال اکبر اور ملٹری اتاشی ہارون اسحاق راجا نے ان کا خیر مقدم کیا۔ 
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سعودی عرب کے سول و عسکری حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان بھی سات مئی کو سعودی عرب کے تین روز دورے پر پہنچ رہے ہیں اور آرمی چیف کا دورہ بھی اسی حوالے سے ہے۔
سعودی عرب میں پاکستان کے تعینات ہونے والے نئے سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) بلال اکبر نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب انتہائی اہم وقت پر ہو رہا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’وزیراعظم کا دورہ، سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان  تعلقات میں اور وسعت لائے گا۔ ہماری دوستی اور بھائی چارے کو مزید گہرا کرے گا۔‘ 
بطور سفیر عہدہ سنبھالنے کے بعد اردو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بلال اکبر کا کہنا تھا کہ’ دونوں ممالک اس دورے کو بڑی خوشی سے انگیج کر رہے ہیں۔ امید ہے دورے کے حوالے سے دونوں ممالک حتمی اعلامیہ جاری کریں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ’ یہ کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی تعلقات ہیں۔ اس حوالے سے دونوں ملکوں کے رہنما ایک دوسرے کے دورے کرتے ہیں اور یہ دورہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔‘
مارچ میں پاکستان آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سعودی بری افواج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فہد بن عبداللہ المطیر کے درمیان جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات میں ہوئی تھی جس میں علاقائی سکیورٹی کی صورت حال اور باہمی دلچپسی کے امور سمیت دونوں ممالک کے درمیان دفاع، سکیورٹی اور فوجی تربیت کے شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

شیئر: