Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمان میں پاکستان اور انڈیا سمیت 14 ملکوں سے آنے والوں پر پابندی میں توسیع

پابندی میں غیر معینہ مدت کے لیے توسیع کی گئی ہے۔( فوٹو ٹوئٹر)
سلطنت عمان نے پاکستان اور انڈیا سمیت 14 ممالک سے آنے والوں کے داخلے پر پابندی میں غیر معینہ مدت تک توسیع کی ہے۔
یہ فیصلہ ملک میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔
عمانی خبررساں ادارے کے مطابق انسداد کورونا اعلی کمیٹی نے سوڈان، لبنان، جنوبی افریقہ، برازیل، نائجیریا، تنزانیہ، گھانا، گنی، سرالیون، ایتھوپیا، برطانیہ، انڈیا، پاکستان  اور بنگلہ دیش سے آنے والوں کے داخلے پر پابندی میں غیر معینہ مدت کے لیے توسیع کی ہے۔
ایسے کسی بھی ملک سے آنے والے ان افراد کے داخلے پر بھی پابندی ہوگی جو ان ممالک میں گزشتہ 14 روز کے دوران گزرے ہوں گے ۔
عمان نے مصر اور فلپائن سے آنے والوں کے داخلے پر پابندی میں بھی توسیع کی ہے- اس سے عمانی شہری، سفارتکار، صحت اہلکار اور ان کے اہل و عیال مستثنی ہوں گے۔ 
عراق میں دس دن کے لیے مکمل کرفیو
علاوہ ازیں عراقی حکومت نے 12 سے 22 مئی تک دس روز کے لیے ملک میں مکمل کرفیو لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے  مطابق عراقی کابینہ  نے قومی صحت و سلامتی کی اعلی کمیٹی  کی سفارش پرکرفیو کا فیصلہ کورونا وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کیا ہے۔ اس دوران سماجی فاصلے اور کورونا ایس او پیز کی سختی سے پابندی کرائی جائے گی۔ 
عراقی حکومت کے فیصلے کے بموجب مالز، ریستوران، کیفے ٹیریا، قہوہ خانے، سینما گھر، تفریحی مقامات، تقریبات ہال، شادی ہال، سوئمنگ پولز، سپورٹس  انڈور سینٹر بند ہوں گے۔ ہر طرح کے اجتماعات پر پورے ملک میں پابندی ہوگی۔
یاد رہے کہ عرب ممالک میں کورونا کے سب سے زیادہ کیسز اور وائرس سے اموات کے واقعات عراق میں ہورہے ہیں۔  

شیئر: