Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ولی عہد کا فلاحی انجمنوں کے لیے 100 ملین ریال کا عطیہ

87 ملین ریال  29  سعودی فلاحی انجمنوں کی مدد کے لیے خاص ہیں (فوٹو اخبار 24)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے  100 ملین ریال عطیہ کردیے- انہوں نے رقم خرچ کرنے کے لیے دو مدیں مقرر کی ہیں- 87 ملین ریال  29  سعودی فلاحی انجمنوں کی مدد کے لیے خاص کیے گئے ہیں- یہ رقم آئندہ چند ایام میں تقسیم کردی جائے گی باقی ماندہ رقم  13 ملین ریال سے 150 سے زیادہ تنگ حال قیدیوں کے  قرضے ادا کیے جائیں گے-
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے اور العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی ولی عہد نے یہ امداد اپنے خصوصی پروگرام کے تحت جاری کی ہے- وہ ’سند محمد بن سلمان‘  (محمد بن سلمان امدادی پروگرام) شروع کیے ہوئے ہیں- اس سے بیواؤں، کینسر کے مریضوں، مطلقہ خواتین، یتیموں، معذوروں، بیماروں اور بوڑھوں کے  مسائل حل کیے جائیں گے- متعلقہ فلاحی انجمنیں مبینہ 8 زمروں پر امدادی رقم خرچ کریں گی-
اس رقم سے  150 سے زیادہ ایسے تنگ حال قیدیوں کے قرضے ادا کیے جائیں گے جو قرضے ادا کرنے کی پوزیشن میں نہیں اور اس کی وجہ سے وہ قید و بند کی زندگی گزار رہے ہیں- نجی حق کے  قیدیوں کے قرضے مقررہ ضوابط کے تحت ادا کیے جائیں گے- اس کی دو بنیادی شرائط ہیں اس کی پہلی شرط یہ ہے کہ قیدی پر واجب الادا قرض کسی ناجائز کام کے لیے نہ لیا گیا ہو- دوسری شرط یہ ہے کہ نجی حق کے قرضوں کے قیدی فوجداری کے مقدمات میں ملوث نہ ہوں-
یاد رہے کہ سعودی ولی عہد نے 4 برس قبل بھی سو ملین ریال کا عطیہ پیش کیا تھا- جس سے ایک لاکھ 2 ہزار یتیموں، معذوروں، کینسر کے مریضوں، بوڑھوں بیواؤں، مطلقہ خواتین، شادی کا پروگرام بنانے والے  لڑکوں، لڑکیوں، نادار خاندانوں اور سعودی عرب کی ستر فلاحی انجمنوں کو فائدہ ہوا تھا-
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: