Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم عمران خان کے استقبال کے لیے جامنی کارپٹ کیوں استعمال کیا گیا؟

سعودی ولی عہد نے وزیراعظم پاکستان کا جدہ کے کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ پر خود استقبال کیا۔ (فوٹو: ایس پی اے)
وزیراعظم پاکستان عمران خان تین روزہ سرکاری دورے پر جمعے کی شب سعودی عرب پہنچے تو سعودی ولی عہد نے جدہ کے کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ پر خود ان کا استقبال کیا۔
وزیراعظم عمران خان کے استقبال کے مناظر سوشل اور مین سٹریم میڈیا پر دکھائی دیے تو بہت سے صارفین کی توجہ جامنی رنگ سے ملتے جلتے بنفشئی کارپٹ کی طرف مبذول ہوگئی۔
دنیا بھر میں اہم تقریبات  میں مہمانوں کا استقبال عام طور پر ’ریڈ کارپٹ‘ پر کیا جاتا ہے۔ سعودی عرب میں بھی مہمانوں کے استقبال کے لیے ریڈ کارپٹ استعمال کیا جاتا تھا لیکن اب سعودی عرب میں سرخ رنگ کے کارپٹ کے بجائے بنقشئی رنگ کا استعمال کیا جاتا ہے۔ 

اب سعودی عرب میں سرخ رنگ کے کارپٹ کے بجائے بنقشئی رنگ کا استعمال کیا جاتا ہے۔ 

حال ہی میں سعودی وزارت ثقافت اور شاہی پروٹوکول نے ریاستی مہمانوں  کے استقبال کے لیے ’ریڈ‘ کے بجائے بنفشئی کارپٹ کا انتخاب کیا ہے۔ برادر اور دوست ممالک کے سربراہ، وزرا، سفرا اور نمائندوں کے سرکاری استقبال کے موقع پر ریڈ کارپٹ کے بجائے بنفشئی رنگ کا کارپٹ بچھایا جاتا ہے۔ 
سبق ویب سائٹ  کے مطابق مہمانوں کے استقبال کے لیے بنفشئی کارپٹ کے انتخاب کی وجہ موسم بہار میں سعودی پہاڑوں کے رنگ سے میل کھانا ہے۔ موسم بہار میں سعودی عرب کے پہاڑی علاقے بنفشئی رنگ کے پھولوں سے سج جاتے ہیں۔ 
بنفشئی کارپٹ کو سعودی ثقافت میں بڑی اہمیت حاصل ہے۔ سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں عوامی ہنر مند عام طور پر ہاتھ سے بنفشئی کارپٹ تیار کرتے ہیں۔
 موسم بہار کے دوران سعودی عرب کے ریگستان اور اس کے پہاڑی علاقے الخزامی پھول کے رنگ سے سج جاتے ہیں۔ یہ بنفشئی رنگ کا ہوتا ہے- علاوہ ازیں موسم بہار کے دوران مملکت میں کئی ایسے پھول بڑے  پیمانے پر کھلتے ہیں جن کا رنگ بنفشئی ہوتا ہے۔
سعودی عوام میں بنفشئی رنگ بے حد پسند کیا جاتا ہے- اس سے مقامی خواتین و حضرات مختلف قسم کی آرائشی اشیا  تیار کرتے ہیں-
 واضح رہے کہ اس سے قبل متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کا استقبال بھی بنفشئی کارپٹ سے کیا گیا تھا جو سعودی مہمان نوازی کی عکاسی کرتا ہے۔

شیئر: