Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی پر سخت سزاوں کا اعلان

آئسولیشن ہدایات کی خلاف ورزی پر جرمانہ اور قید ہوگی(فوٹو سبق)
سعودی حکومت نے کورونا وبا سے نمٹنے کےلیے مقرر حفاظتی اقدامات اور انتظامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے سزائیں اور سرزنش کے ضابطے مقرر کیے ہیں.
العربیہ نیٹ کے مطابق وزارت داخلہ کے عہدیدار نے منگل کو بیان جاری کرکے خلاف ورزیوں اور ان کی سزاؤں کی تفصیلات بیان کی ہیں.
 وزارت داخلہ کے مطابق جو افراد یا نجی ادارے یا ان کے ملازم یا ان سے لین دین کرنے والے، کورونا کی وبا سے نمٹنے کے لیے مقررہ حفاظتی اقدامات اور احتیاطی انتظامات کی خلاف ورزی کریں گے ان پر کم از کم ایک ہزار سے لے کر ایک لاکھ ریال تک کا جرمانہ ہوگا  یا ایک ماہ سے لے کر ایک برس تک قید یا دونوں سزائیں دی جائیں گی. اگر ضرورت سمجھا گیا تو 6 ماہ تک نجی ادارہ بھی بند کردیا جائے گا.
 اگر فرد یا ادارے نے خلاف ورزی دوبارہ کی تو سزا دگنی کردی جائے گی. سزا کی مقدار ہر خلاف ورزی کے لحاظ سے متعین ہوگی. حکومت نے ہرخلاف ورزی اور اس کی سزا کا چارٹ بنادیا ہے.خلاف ورزیوں کی زمرہ بندی بھی کردی ہے. اس کا فیصلہ وزیر داخلہ، وزیر صحت کے ساتھ مل کر کریں گے.
 بیان میں کہا گیا کہ جو شخص نقل و حرکت پر پابندی کے دوران کرفیو پاس یا اجازت نامہ مقررہ مقاصد کے سوا کسی اور مقصد کے لیے استعمال کرے گا اس پر دس ہزار تا ایک لاکھ ریال تک کا جرمانہ یا ایک ماہ سے لے کر ایک برس تک قید کی سزا ہوگی. قید اور جرمانہ دونوں سزائیں ایک ساتھ بھی دی جاسکتی ہیں جبکہ کرفیو پاس یا اجازت نامہ ضبط کرلیاجائے گا.

 فرد یا ادارے نے خلاف ورزی دوبارہ کی تو سزا دگنی کردی جائے گی.(فوٹو سبق)

آئسولیشن کی خلاف ورزی پر جرمانہ اور قید
 وزارت داخلہ نے کہا کہ جو شخص قرنطینہ یا آّئسولیشن کی ہدایات کی خلاف ورزی کرے گا اس پر 2 لاکھ ریال تک کا جرمانہ یا دو برس تک قید یا جرمانے اور قید دونوں سزائیں بیک وقت دی جائیں گی.
خلاف ورزی دہرانے پر مذکورہ سزا دگنی کردی جائے گی.
وائرس منتقل کرنے کی سزا 
بیان میں مزید کہا گیا کہ جو شخص جان بوجھ کر کورونا وائرس منتقل کرے گا اسے پانچ لاکھ ریال تک جرمانے یا 5 برس تک قید کی سزا ہوگی دونوں سزائیں ایک ساتھ بھی دی جاسکتی ہیں.
خلاف ورزی دہرانے پر مذکورہ سزا دگنی کردی جائے گی.

قید اور جرمانہ یا دونوں سزائیں ایک ساتھ بھی دی جاسکتی ہیں(فوٹو سبق)

کرفیو پاس کی خلاف ورزی
 بیان میں مزید کہا گیا کہ جو عہدیدار کرفیو کے دوران کسی ایسے شخص کو جس کا دفتر آنا جانا ضروری نہ ہو یاجس کے کام کی نوعیت کرفیو کے دوران نقل و حرکت کی متقاضی نہ ہو اسے کرفیو پاس یا اجازت نامہ دلانے میں سہولت دینے والے پر کم از کم دس ہزار ریال اورزیادہ سے زیادہ ایک لاکھ ریال جرمانہ ہوگا. ایک ماہ سے ایک سال تک قید کی سزا دی جاسکتی ہے. قید اور جرمانے کی سزائیں ایک ساتھ بھی ہوسکتی ہیں.
خلاف ورزی دہرانے کی صورت میں مذکورہ سزا دگنی کردی جائے گی.

خلاف ورزیوں کی زمرہ بندی بھی کردی ہے.(فوٹو سبق)

افواہیں پھیلانے کی سزا
 جو شخص نئے کورونا وائرس کی وبا سے متعلق سوشل میڈیا، سوشل ایپلی کیشنز پر کوئی افواہ پھیلائے گایا پھیلانے میں حصہ لے گا یا مغالطہ آمیز معلومات نشر کرے گا یا ایسی مغالطہ آمیز معلومات رائج کرے  گا جن سے خوف وہراس پھیلتا ہو یا حفاظتی اقدامات اور متعلقہ احتییاطی تدابیر کی خلاف ورزی پر اکسایاجارہا ہو ایسے شخص پر کم از کم ایک لاکھ ریال سے لے کر دس لاکھ ریال تک کا جرمانہ ہوگا یا اسے ایک برس سے لے کر پانچ برس تک کی سزا دی جائے گی یا دونوں سزائیں قید و جرمانہ بھی دی جاسکتی ہیں.
مبینہ خلاف ورزی دہرانے کی صورت میں مذکورہ سزا دگنی کردی جائے گی-
 

شیئر: