Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نجران ریجن کی تاریخی مسجد ابوبکر الصدیق نمازیوں کے لیے کھول دی گئی

توسیع کے بعد مسجد میں اب 118 نمازیوں کی گنجائش ہوگئی ہے- (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب  میں نجران ریجن کی کمشنری ثار میں تاریخی مسجد ابوبکر الصدیق تجدید و توسیع کے بعد نمازیوں کے لیے کھول دی گئی ہے۔ 
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب کے دس علاقوں میں 30 تاریخی مساجد کی تزئین و آرائش کرائی ہے اور یہ ان میں سے ایک ہے۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مسجد ابو بکر الصدیق، ثار علاقے کی قدیم ترین مسجد ہے۔ یہ اس علاقے کی واحد مسجد ہے جہاں جمعہ پڑھا جاتا تھا۔ ثار اور آس پاس کے قریوں کے لوگ یہاں جمعے کی نماز ادا کرنے کے لیے یہاں آتے تھے۔ 
نجران ریجن سعودی عرب کے جنوب میں واقع ہے۔ اس کی کمشنری ثار کے باشندے ابوبکر الصدیق مسجد میں نہ صرف یہ کہ نماز کے لیے حاضر ہوتے بلکہ یہاں دینی وعظ اور درس کے لیے بھی آتے رہے ہیں۔ وہ قرآن کریم کی تعلیم حاصل کرتے۔ اس مسجد میں مقامی لوگ اپنے مسائل اور تنازعات کے حل کے لیے بھی جمع ہوا کرتے تھے۔
ابوبکر الصدیق مسجد قصبے کے قدیم حصے میں ثار شہر سے تین کلومیٹر دور مغرب میں واقع ہے۔ یہ نجران شہر سے 120 کلومیٹر دور شمال مشرق میں ہے۔ مسجد کا کل رقبہ 130 مربع میٹر تھا اور یہاں 57 نمازیوں کی گنجائش ہوتی تھی۔  
تجدید اور توسیع کے بعد مسجد میں خواتین کے مصلے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اب اس میں 57 کے بجائے  118 نمازیوں کی گنجائش ہوگئی ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: