Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیل کا حملہ: غزہ میں عالمی میڈیا کے دفاتر کی عمارت تباہ

لوگوں کو عمارت سے نکلنے کے لیے ایک گھنٹے کا وقت دیا گیا۔ (فوٹو: روئٹرز)
اسرائیل نے غزہ میں ایک فضائی حملے کے دوران ایک کثیرالمنزلہ عمارت کو تباہ کر دیا ہے جس میں امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس سمیت دوسرے عالمی میڈیا اداروں کے دفاتر قائم تھے۔
عرب نیوز کے مطابق سنیچر کو اسرائیلی فوج کی یہ تازہ کارروائی اس کی عسکریت پسند گروہ حماس کے ساتھ جاری جنگ میں میڈیا کو فلسطینی علاقے سے رپورٹنگ سے روکنے کی کوشش ہے۔
یہ فضائی حملہ فوج کے لوگوں کو عمارت خالی کرنے کے حکم کے ایک گھنٹے بعد کیا گیا۔ عمارت میں الجزیرہ کے دفتر سمیت دوسرے دفاتر اور رہائشی اپارٹمنٹس بھی تھے۔
فضائی حملے کے بعد پوری 12 منزلہ عمارت گرد کے ایک بہت بڑے بادل کے ساتھ زمین بوس ہو گئی۔ اس بارے میں فوری طور پر کوئی وضاحت نہیں کی گئی کہ حملہ کیوں کیا گیا تھا۔
یہ فضائی حملہ غزہ شہر کے ایک گنجان آباد پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فضائی حملے کے کئی گھنٹے بعد کیا گیا۔ جس میں ایک ہی خاندان کے 10 افراد ہلاک ہو گئے جن میں اکثریت بچوں کی تھی۔ یہ موجودہ تنازع کی سب سے مہلک فضائی کارروائی تھی۔

فضائی حملے کے بعد پوری 12 منزلہ عمارت زمین بوس ہو گئی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

حالیہ تشدد کا آغاز یروشلم سے ہوا تھا جو یہودی اور عربوں کے درمیان جھڑپوں اور مختلف شہروں میں فسادات کی شکل میں پورے خطے میں پھیل گیا۔  غرب اردن میں بھی جمعے کو فلسطینیوں نے بڑے پیمانے پر مظاہرے کیے جہاں اسرائیلی فورسز نے 11 افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
اس شدید تشدد نے نئی فلسطینی ’انتفاضہ‘ کے خدشات ایسے وقت میں اٹھائے ہیں جب کئی برسوں سے امن مذاکرات نہیں ہوئے ہیں۔
فلسطینی سنیچر کو یوم نکبہ (تباہی) کے موقع پر اس دن کی یاد منا رہے ہیں جب سنہ 1948 میں جنگ کے دوران اسرائیل کی تخلیق کے وقت، ایک اندازے کے مطابق سات لاکھ لوگوں کو گھروں سے نکالا گیا یا انہیں فرار ہونا پڑا۔ اس سے بھی بدامنی کا امکان بڑھ گیا ہے۔
واشنگٹن کی جانب سے تنازع کی شدت کو کم کرنے کی کوششوں کے طور پر امریکی سفارتکار حادی امر بھی گذشتہ روز اسرائیل پہنچ چکے ہیں۔ جبکہ اس صورتحال کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس اتوار کو ہوگا۔
لیکن ایک مصری حکومتی عہدیدار نے گذشتہ روز نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’اسرائیل نے ایک سال کے لیے صلح کی مصر کی تحویز کو مسترد کر دیا جبکہ حماس کے رہنماؤں نے اسے قبول کر لیا تھا۔‘

شیئر: