Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی پی ایل میں شامل آسٹریلوی کھلاڑی سڈنی پہنچ گئے

کھلاڑیوں کو سڈنی کے ایک ہوٹل میں 14 دن کے لیے قرنطینہ کیا جائے گا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلوی کرکٹرز مالدیپ میں ایک ہفتے سے زیادہ وقت گزارنے کے بعد ایک چارٹر طیارے کے ذریعے پیر کو سڈنی پہنچ گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انڈیا میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث انڈین پریمیئر لیگ کو معطل کیا تھا جس کے بعد چھ مئی کو انڈین کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایک چارٹر طیارے کے ذریعے آسٹریلوی کرکٹرز کو مالدیپ پہنچایا گیا تھا۔
نیشنل براڈکاسٹر اے بی سی کا کہنا ہے کہ سٹیو سمتھ اور ڈیوڈ ورنر سمیت کھلاڑی چارٹر طیارے کے ذریعے مقامی وقت کے مطابق صبح 7:30سڈنی پہنچے۔
38 رکنی آسٹریلوی گروپ جس میں کھلاڑی، کوچز، حکام اور ٹی وی کمنٹیٹرز شامل تھے، انڈیا سے مالدیپ چھ مئی کو پہنچے تھے۔
دو دن قبل آسٹریلوی حکومت نے وہ عارضی پابندی اٹھا لی تھی جس میں شہریوں کو ملک واپسی پر جیل بھیجنے کی دھمکی دی گئی تھی۔
اتوار کو وزیراعظم سکاٹ مورسن نے کہا تھا کہ کرکٹرز کے ساتھ کوئی خاص سلوک نہیں کیا گیا بلکہ وہ بغیر کسی مدد کے واپس آئیں گے اور اپنی ٹکٹ پر واپس آئیں گے۔
توقع کی جا رہی ہے کہ ان کو سڈنی کے ایک ہوٹل میں 14 دن کے لیے قرنطینہ کیا جائے گا۔
انڈیا میں اتوار کو کورونا وائرس کے تین لاکھ دس ہزار سے زیادہ نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ چار ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

انڈیا میں کورونا کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے آسٹریلوی کھلاڑیوں کو مالدیپ بھیجا گیا۔ (فوٹو: آئی پی ایل)

رواں مہینے کے آغاز میں آسٹریلوی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بری طرح متاثرہ انڈیا سے آنے والے افراد کو ملک میں داخلے پر پانچ برس قید اور جرمانے کی سزا دی جا سکتی ہے۔
آسٹریلیا نے انڈیا سے آنے والے مسافروں کے داخلے پر 15مئی تک پابندی عائد کی تھی۔
آسٹریلیا نے قید اور جرمانے کی سزا کا اعلان اس وقت کیا جب ملک میں بالواسطہ پروازوں کے ذریعے انڈیا سے آنے والے مسافروں کا پتا چلا۔

شیئر: